• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشوریہ رائے کو شاہ رخ خان کی فلموں سے کیوں نکالا گیا؟

فائل فوٹو
فائل فوٹو 

بالی ووڈ کی بیوٹی کوئین ایشوریہ رائے بچن نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہیں شاہ رخ خان کی کچھ کامیاب فلموں کی کاسٹ سے نکال دیا گیا تھا۔

ایشوریہ رائے بچن نے میزبان سیمی گریوال کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ نہ  صرف شاہ رخ خان کی فلم’چلتے چلتے‘ میں بلکہ’ویر زارا‘سمیت پانچ دیگر فلموں میں میری جگہ دوسری ہیروئینز کو کاسٹ کیا گیا۔

اُنہوں نے کہا کہ’مجھ سے کچھ فلموں کے بارے میں بات ہوئی تھی کہ میں اور شاہ رخ خان ان فلموں میں ایک ساتھ کام کریں گے لیکن پھر اچانک مجھے پتا چلتا ہے کہ بغیر کوئی وضاحت دیے میری جگہ ان فلموں میں دیگر اداکاراؤں کو کاسٹ کرلیا گیا ہے اور ایسا کیوں کیا گیا، اس کا جواب مجھے ابھی تک نہیں ملا‘۔

سیمی گریوال نے ایشوریہ سے سوال کیا کہ’آپ نےاتنی بڑی فلموں سے نکالے جانے پر کیسا محسوس کیا؟‘

اداکارہ نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’جب آپ کے پاس ایسا ہونے کی کوئی وضاحت نہیں ہوگی تو ظاہر ہے کہ آپ مکمل طور پر حیران، الجھن اور تکلیف میں  ہی ہوتے ہیں‘۔

ایشوریہ کا جواب سن کر سیمی گریوال نے یہ سوال بھی کیا کہ ’کیاآپ نے  کبھی شاہ رخ خان سے وجہ نہیں پوچھی؟‘

اُنہوں نے اس سوال کے جواب میں کہا کہ’ایسا میری فطرت میں نہیں ہے، اگر کوئی شخص مجھے خود سے کسی بات کی وضاحت دینے کی ضرورت محسوس کرتا ہے تو وہ خود ہی دے دے گا‘۔

اُنہوں نے کہا کہ’اگر شاہ رخ خان نے کبھی وضاحت نہیں دی تو اس کا مطلب ہے کہ وہ کوئی وضاحت دینا ہی نہیں چاہتے لہٰذا میں نے بھی کبھی نہیں پوچھا اور نہ ہی کبھی پوچھوں گی‘۔

اس معاملے پر شاہ رخ خان نے اپنے ایک انٹرویو میں بات کرتے ہوئے معذرت بھی کی ۔

انہوں نے کہا کہ’میں ذاتی طور پر اس حقیقت پر بہت افسردہ ہوں کہ ایشوریا ایک بہت ہی قریبی دوست تھیں اور میں نے ان کے ساتھ ماضی میں کئی شاندار فلمیں کی ہیں‘۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ’بطور پروڈیوسر میرے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں کیونکہ فلم کی ٹیم میں بہت سے لوگ شامل ہوتے ہیں اور ہم فلم کو 3 سے 4 ماہ میں مکمل کرنا چاہتے تھے‘۔

شاہ رخ خان نے اپنی بات مکمل کرتے ہوئے کہا کہ’مجھے یقین ہے کہ ایشوریہ کے ساتھ بھی اتنے کم عرصے میں فلم بنائی جاسکتی ہوگی لیکن خیر جو کچھ ہوا مجھے اس پر بہت دکھ ہوا، ایسا نہیں ہونا چاہیئے تھا‘۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید