پاکپتن میں جائیداد کے تنازع پر مبینہ طور پر ایک بھائی نے فائرنگ کرکے اپنے ہی 2 بھائیوں کے گھرانوں کے7 افراد قتل کر دیے، فائرنگ سے 12 سالہ بچی زخمی بھی ہوئی، جسے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس نے شواہد جمع کرکے ملزم کی تلاش شروع کر دی۔
پولیس کے مطابق 7 افراد کے قتل کا یہ اندوہناک واقعہ بڑی راکھ کے علاقے میں ہوا، جہاں سرور نامی ملزم نے جائیداد کے تنازع پر اپنے بھائیوں کے گھر اجاڑ دیے۔
ملزم نے فائرنگ کرکے اپنے 2 بھائیوں افتخار اور شیر باز کے علاوہ 22 سالہ مفتاح بی بی، 12 سالہ احد، 14 سالہ احمد، 35 سالہ آسیہ بی بی اور بشیراں بی بی کوقتل کر دیا اور فرار ہوگیا۔
ملزم کی فائرنگ سے 12 سالہ عائشہ زخمی بھی ہوئی، جسے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ڈی پی او پاکپتن حسن اقبال سمیت پولیس اور فارنزک سائنس ایجنسی کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، جنہوں نے شواہد جمع کرکے ملزم کی تلاش شروع کر دی۔