کراچی کے علاقے ڈیفنس میں دانتوں کے ڈاکٹر کو گرفتار کرنے اور اس پر پولیس کے تشدد کی ویڈیو سامنے آئی ہے، پولیس کا کہنا ہے ڈاکٹر عمران کے خلاف چیک باؤنس ہونے کا مقدمہ درج ہے، ڈاکٹر کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔
کراچی میں ڈیفنس خیابان شہباز کمرشل میں ڈاکٹر کو گرفتار کرنے کی ویڈیو سامنے آئی ہے، بوٹ بیسن تھانے کے وردی اور سادہ لباس اہلکار کلینک میں داخل ہوئے۔
پولیس اہلکار ڈاکٹر عمران کو تشدد کا نشانہ بناتے اور گھسیٹتے ہوئے لے گئے، پولیس کے مطابق سب انسپکٹر غفار، ڈاکٹر عمران کو چیک باؤنس کے کیس میں گرفتار کرکے لے کر گئے ہیں۔
ڈاکٹر عمران پر چیک باؤنس کا کیس درخشان تھانے میں درج ہے، ڈاکٹر کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا، ڈاکٹر عمران کے خلاف شیخ محمد زاہد نامی شہری نے مقدمہ درج کرایا ہے۔
شیخ محمد زاہد کا موقف ہے ڈاکٹر عمران اس کا کرائے دار ہے، ڈاکٹر عمران نے کرائے کی مد میں دو چیک دیئے، دونوں باؤنس ہوگئے، متعدد بار مانگنے پر جلد کرایہ دینے کا کہا لیکن اب تک ادائیگی نہ کرنے پر مقدمہ درج کرایا۔