پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس جمال مندوخیل کا آج کا فیصلہ بینچ فکسنگ کے بارے میں ہمارے بیانیےکی جیت ہے۔
پارٹی ترجمانوں کے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ بینچ سازی منصفانہ نہیں تو فیصلہ کیسے منصفانہ تصور ہوگا؟
ن لیگی سینئر نائب صدر نے کہا کہ عمران خان پاکستان کا ماضی بن چکا ہے، اب پاکستان کے مستقبل کے بارے میں سوچنا ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنے کرپشن مقدمات سے عوام کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔ ٹیرین، فارن فنڈنگ، توشہ خانہ مقدمات میں ناقابلِ تردید ثبوت موجود ہیں۔
انہوں نے پارٹی ترجمانوں کو ہدایت کی کہ عدلیہ میں عمران خان کے سہولت کاروں کو پوری قوت سے بےنقاب کریں۔
ن لیگی چیف آرگنائزر کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے مقدمے میں آئین و قانون کی پامالی کو بےنقاب کیا جائے گا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ نواز شریف سے زیادتی کی شہادتیں سامنے آ رہی ہیں۔ اگر انصاف ہے تو ترازو کے پلڑے برابر ہوجانے چاہیے تھے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار سال میں معیشت تباہ اور عوام غریب ہوئے۔ چار سالوں میں ایک کروڑ نوکریوں میں سے ایک نوکری عوام کو نہیں ملی۔
مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ چار سالوں میں 50 لاکھ گھروں میں سے ایک گھر عوام کو نہیں ملا۔
انہوں نے کہا کہ 10 نمبریوں کا صرف ایک نکاتی ایجنڈا ہے کہ لوٹ مار کریں، یہ 10 نکاتی ایجنڈا نہیں 10 جھوٹ بولے ہیں۔ یہ جھوٹ کا ایجنڈا ہے جسے نئے نام سے پھر دہرایا جا رہا ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ 90 دن میں کرپشن ختم کرنے کے بجائے پاکستان میں کرپشن 14 درجے مزید بڑھ گئی تھی۔