• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلم ’میں ہوں ناں‘ میں ’تھوک‘ پھینکنے کا کردار شاہ رُخ خان کے کہنے پر کیا تھا، ستیش شاہ

فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارتی سینئر اداکار ستیش شاہ نے بلاک بسٹر فلم ’میں ہوں ناں‘ میں تھوک پھینک کر بات کرنے کے کردار کے پیچھے چھپی دلچسپ کہانی سنائی ہے۔

مشہور زمانہ بھارتی فلم ’میں ہوں ناں کسے یاد نہیں ہے، متعدد ایوارڈز اپنے نام کرنے والی فلم کا ہر ایک کردار قابلِ تعریف تھا مگر ستیش شاہ کی جانب سے نبھایا گیا کردار مزاحیہ ہونے کے ساتھ تھوڑا مشکل بھی تھا کیونکہ اس میں وہ بولنے کے ساتھ منہ سے تھوک بھی پھینکتے تھے۔

اس کردار سے متعلق بات کرتے ہوئے ستیش شاہ نے انکشاف کیا کہ اُنہیں اس فلم کے لیے دو کردار آفر ہوئے تھے، وہ یہ کردار ادا نہیں کرنا چاہتے تھے مگر شاہ رُخ خان کے کہنے پر انہوں نے اس کردار کے لیے ہامی بھری تھی۔

اداکار ستیش شاہ نے کہا کہ اِنہیں فلم ڈائریکٹر فرح خان اور شاہ رخ نے 2 آپشنز دیئے تھے کہ آیا پرنسپل (بومن ایرانی کی جانب سے ادا کیا گیا کردار) کا کردار نبھائیں یا پروفیسر کا۔

ستیش شاہ نے بتایا کہ جب میں نے یہ تھوکنے والی بات سنی تو مجھے پسند نہیں آیا، میں نے کہا یہ کیا غلیظ کردار ہے جس پر شاہ رخ نے مجھ پر زور دیا کہ میں یہی کردار ادا کروں کیوں کہ پرنسپل کا کردار تو کوئی بھی دوسرا اداکار کرسکتا ہے۔

ستیش شاہ کا بھارتی میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو کے دوران مزید کہنا تھا کہ  یہ کردار بالکل آسان نہیں تھا اور ایسے بات کرنا کہ منہ سے تھوک آئے، یہ میرے لیے بڑی عجیب بات تھی، میں بہت سارا پانی منہ میں رکھتا تھا اور کچھ الفاظ کا تلفظ ایسے ادا کرتا تھا کہ منہ سے پانی اسپرے کی طرح باہر نکلے۔

ستیش شاہ نے مزید بتایا کہ میں نے اس اداکاری کے لیے بہت محنت کی لیکن جب بھی شاہ رخ میرے سامنے آتے تو وہ بہت ہنسا کرتے تھے جس کی وجہ سے ہمیں ری ٹیک لینا پڑتا تھا، ایک مرتبہ شاہ رخ کے ہنسنے کی وجہ سے ہم نے 8 ری ٹیکس لیے جس پر میں بہت ناراض ہوگیا تھا۔

اداکار نے بتایا کہ میں نے اتنے ری ٹیکس لینے کے بعد کہا کہ اب دوبارہ ری ٹیک ہوا تو میں سین نہیں کروں گا، اس وقت سب اداکار ہنس ہنس کر اپنی کرسیوں سے گِر پڑے تھے۔

ستیش کا بتانا تھا کہ اس فلم کے دوران ہی ایک دوسری فلم کی شوٹنگ کرتے ہوئے گووندا کے منہ پر بھی تھوک چلا گیا تھا جس کے بعد میں نے گووندا سے معافی مانگی اور بتایا کہ اس کردار کی پریکٹس کر رہا ہوں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید