ماسکو، واشنگٹن (اے ایف پی، جنگ نیوز) روس نے امریکی صحافی ایوان گرشکووچ کو جاسوسی کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے، ماسکو کے اس اقدام پر امریکا اور روس میں جاری کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے ، امریکا اور مغرب نے ماسکو کے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے وال اسٹریٹ جرنل کیلئے کام کرنے والے صحافی کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے ، وائٹ ہائوس نے کہا ہے کہ روسی حکومت کی امریکی شہریوں کیخلاف اقدامات ناقابل قبول ہیں، وائٹ ہاوس نے روس میں موجود امریکی شہریوں کو ملک چھوڑنےکی ہدایت کردی ، امریکی وزیرخارجہ اینٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ انہیں امریکی صحافی کی گرفتاری پر شدید تشویش ہے، انہوں نے گرفتاری کو ماسکو کی جانب سے میڈیا کو سزا سے تشبیہ دیا ، روسی وزارت خارجہ کے ترجمان نےبتایا ہے کہ 31سالہ امریکی صحافی کو رنگے ہاتھوں پکڑا گیا ہے،یہ سوویت دور کے بعد روس میں کسی بھی غیر ملکی صحافی کی پہلی گرفتاری ہے۔