برسلز (اے ایف پی) یوروزون میں مہنگائی میں مارچ کے مہینے میں توقعات سے زیادہ کمی ہوئی ہے تاہم توانائی کی قیمتوں میں کمی کے باوجود اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں کمی نہ ہوسکیں، یہ بات جمعے کے روز سامنے آنے والے اعدادوشمار میں سامنے آئی ہے ۔ مارچ میں مہنگائی کی شرح 6.9فیصد رہی جبکہ فروری میں یہ شرح 8.5فیصد تھی ۔یہ پورے سال کی کم ترین سطح ہے ۔ ایٹلانٹک کے دونوں اطراف کے سرمایہ کاروں کی پوری توجہ مہنگائی اور مرکزی بینکوں کے اگلے اقدامات پر ہیں جبکہ تمام تر نظریں امریکا پر بھی مرکوز ہیں جس کا کنزیومر ڈیٹا جاری ہونے والا ہے ۔ فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے مطابق مرکزی بینکوں کو شرح سود میں اضافوں کو مہنگائی کے ساتھ متوازن رکھنے کا خیال رکھنا ہوگاجبکہ اس با ت کے امکانات ہیں کہ شرح سود میں مزید اضافوں سے بینکنگ سیکٹر کو خطرہ ہوگا۔