وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ 4 سال عوام کا آٹا، چینی، روٹی لوٹنے والے وزیراعظم کی مفت آٹا اسکیم کو متنازع بنا رہے ہیں۔
ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ عوامی منصوبوں کو بھی اپنی گھٹیا سیاست کی بھینٹ چڑھا دیتے ہیں، پنجاب کے عوام کو مفت آٹا ملے، مفت بجلی ملے، میٹرو اور اورنج ٹرین ملے، انہیں تکلیف ہو جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب وزیراعظم عمران خان نہیں جو عوام کا آٹا کھا گیا، روٹی کھا گیا اور روزگار کھا گیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ اب وزیرعظم عمران خان نہیں جو عوام کو کارخانے سے نکال کر لنگر خانے پر بٹھا دے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباشریف دن رات عوام کی ترقی، بیروزگاری اور مہنگائی کم کرنے کا سوچتےہیں، انہوں نے ہی تمام بند ترقیاتی منصوبوں کو دوبارہ شروع کیا۔
مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ سیاسی یتیم اپنی تمام سازشیں ناکام ہونے کے بعد عوام کے مفت آٹے کے پیچھے پڑ گئے ہیں۔