اسلام آباد ( نمائندہ جنگ )امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے خبردار کیا ہے کہ آئینی اداروں نے آپس میں لڑائی بند نہ کی تو یہ گلی کوچوں میں چلی جائے گی، انارکی پھیلے گی اور کسی کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا۔ ایوان اور عدالت کا ٹکراؤ ملک کے لیے نیک شگون نہیں۔منصورہ سے جاری بیان میں انھوں نے کہا کہ پارلیمنٹ، عدلیہ اور انتظامیہ میں گہرے اور وسیع اختلافات نے ملک کا مستقبل داؤ پر لگا دیاہے، ایوان اور عدالت باوقار انداز اختیار کریں تو معاملات مثبت جانب بڑھ سکتے ہیں اور سیاسی جماعتیں کسی ایک نقطہ پر متفق ہو سکتی ہیں۔ اتحادی حکومت اور پی ٹی آئی کی جنگ جاری رہی تو رہی سہی جمہوریت بھی ختم ہو سکتی ہے۔