چین کے دارالحکومت بیجنگ میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کی ملاقات ہو گئی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دونوں ممالک کے عہدیداروں کے درمیان 7 سال بعد پہلی ملاقات ہے، دونوں وزرائے خارجہ کی سفارتی تعلقات مزید بڑھانے کے اقدامات پر گفتگو ہوئی۔
ملاقات میں سعودی عرب اور ایران کے سفارتخانے دوبارہ کھولنے کے اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سعوی عرب اور ایران سفارت خانے، قونصل خانے دوبارہ کھولنے کے انتظامات کرنے پر رضامند ہوگئے۔
چینی میڈیا کے مطابق سعودی اور ایرانی وزرائے خارجہ نے چینی ہم منصب سے بھی ملاقات کی۔
دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی ملاقات کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا۔
مشترکہ اعلامیے کے مطابق سعودی عرب اور ایران کے درمیان پروازیں دوبارہ شروع کرنے اور دونوں ممالک کے شہریوں کے لیے ویزوں کی سہولت فراہم کرنے پر اتفاق ہوا۔
اس کے علاوہ سرکاری، نجی شعبے کے وفود کے دورے دوبارہ شروع کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔
ایران اور سعودی عرب وزرائےخارجہ کی ملاقات کی ویڈیو سعودی ٹی وی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری کی گئی۔
ویڈیو میں دونوں سفارتکاروں کو ہاتھ ملاتے اور بات کرتے بھی دکھایا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ کی ملاقات کے بعد ایرانی صدر کا دورہ سعودی عرب متوقع ہے۔
ایران کے نائب صدر نے کہا کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان کی دورے کی دعوت قبول کر لی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تعلقات میں بحالی کے اقدامات اچانک نہیں بلکہ منصوبہ بندی کے تحت ہوئے، پڑوسی ممالک کے ساتھ بہترین تعلقات ہماری حکمت عملی کا حصہ ہے۔
نائب صدر کا کہنا ہے کہ پڑوسی ممالک کے ساتھ بہترین تعلقات کی حکمت عملی پر عمل کریں گے۔