• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیکشن ازخود نوٹس 3-4 سے مسترد ہوا: جسٹس اطہر من اللّٰہ کا تفصیلی اختلافی نوٹ

سپریم کورٹ کے جسٹس اطہر من اللّٰہ—فائل فوٹو
سپریم کورٹ کے جسٹس اطہر من اللّٰہ—فائل فوٹو

پنجاب اور خیبر پختون خوا کے انتخابات سے متعلق از خود نوٹس کیس میں سپریم کورٹ کے جسٹس اطہر من اللّٰہ نے تفصیلی اختلافی نوٹ جاری کر دیا جس میں انہوں نے کہا ہے کہ انتخابات از خود نوٹس کیس تین چار سے مسترد ہوا۔

جسٹس اطہر من اللّٰہ کا یہ تفصیلی نوٹ 25 صفحات پر مشتمل ہے۔

’’سیاسی مقدمات میں عدالت ہار جاتی ہے‘‘

تفصیلی نوٹ میں جسٹس اطہر من اللّٰہ نے کہا ہے کہ سیاستداں مناسب فورمز کے بجائے عدالت میں تنازعات لانے سے ہارتے یا جیتتے ہیں لیکن عدالت ہر صورت ہار جاتی ہے، سیاسی مقدمات میں کوئی ایک جماعت تو مقدمہ جیت جاتی ہے لیکن عدالت ہار جاتی ہے۔

اپنے تفصیلی نوٹ میں جسٹس اطہر من اللّٰہ کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ سمیت تمام اداروں کو اپنی انا ایک طرف رکھ کر آئینی ذمے داریوں کو پورا کرنا چاہیے۔

’’سپریم کورٹ نے ماضی کی تاریک تاریخ سے کوئی سبق نہیں سیکھا‘‘

جسٹس اطہر من اللّٰہ نے اپنے تفصیلی نوٹ میں کہا ہے کہ ملک ایک سیاسی اور آئینی بحران کے دہانے پر کھڑا ہے، وقت آ گیا ہے کہ تمام ذمے دار ایک قدم پیچھے ہٹیں اور کچھ خود شناسی کا سہارا لیں، سپریم کورٹ کی بات کروں تو ہم نے ماضی کی تاریک تاریخ سے کوئی سبق نہیں سیکھا۔

تفصیلی نوٹ میں جسٹس اطہر من اللّٰہ کا کہنا ہے کہ پنجاب اور کے پی کے انتخابات کی تاریخ کا ازخود نوٹس خارج کیا جاتا ہے، درخواستوں اور از خود نوٹس کو خارج کرنے کی 3 بنیادی وجوہات ہیں، فل کورٹ کی جانب سے آرٹیکل 184 تھری کے استعمال کے بنیادی اصولوں کی پابندی بینچ پر لازم تھی۔

جسٹس اطہر من اللّٰہ کے تفصیلی نوٹ میں کہا گیا ہے کہ عدالت کو اپنی غیر جانبداری کے لیے سیاسی جماعتوں کے مفادات کے معاملات پر احتیاط برتنی چاہیے، عدالت کو سیاسی درخواست گزار کا طرزِ عمل اور نیک نیتی بھی دیکھنی چاہیے، درخواست گزاروں کا رویہ اس بات کا متقاضی نہیں کہ 184/3 کا اختیارِ سماعت استعمال کیا جائے۔

’’از خود نوٹس کا مطلب غیر جمہوری اقدار کو فروغ دینا ہو گا‘‘

تفصیلی نوٹ میں جسٹس اطہر من اللّٰہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ از خود نوٹس لینے کا مطلب غیر جمہوری اقدار اور حکمتِ عملی کو فروغ دینا ہو گا، ماضی کے فیصلوں کو مٹایا نہیں جا سکتا لیکن کم از کم عوامی اعتماد بحال کرنے کی کوشش کی جا سکتی ہے، انتخابات کی تاریخ کا معاملہ ایک تنازع سے پیدا ہوا ہے جو بنیادی طور پر سیاسی نوعیت کا تھا۔

جسٹس اطہر من اللّٰہ کا تفصیلی نوٹ میں کہنا ہے کہ جسٹس یحییٰ آفریدی نے درست کہا کہ عدالت کو از خود نوٹس کے استعمال میں احتیاط برتنی چاہیے، سپریم کورٹ کو یکے بعد دیگرے تیسری بار سیاسی نوعیت کے تنازعات میں گھسیٹا گیا ہے، پنجاب، کے پی الیکشن کا از خود نوٹس چار تین سے مسترد ہوا۔

’’جسٹس منصور اور جسٹس مندوخیل کی رائے سے متفق ہوں‘‘

تفصیلی نوٹ میں جسٹس اطہر من اللّٰہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ میں جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس جمال مندوخیل کی رائے سے متفق ہوں، سپریم کورٹ مسلسل سیاسی تنازعات کے حل کا مرکز بنی ہوئی ہے، 27 فروری کو چائے کے کمرے میں اتفاقِ رائے ہوا کہ میں بینچ میں بیٹھوں گا۔

جسٹس اطہر من اللّٰہ نے تفصیلی نوٹ میں کہا ہے کہ از خود نوٹس کا فیصلہ چار تین کا ہے، 23 فروری کی سماعت کے حکم میں جسٹس یحییٰ آفریدی کا الگ نوٹ بھی تھا، جسٹس یحییٰ آفریدی نے ناقابلِ سماعت ہونے کی بنیاد پر از خود نوٹس اور درخواستیں مسترد کر دی تھیں۔

’’نہ میں نے خود کو بینچ سے الگ کیا نہ لاتعلقی کی‘‘

تفصیلی نوٹ میں جسٹس اطہر من اللّٰہ کا کہنا ہے کہ واضح رہے کہ تفصیلی وجوہات میں یہ بات بھی ریکارڈ پر رکھنا چاہتا ہوں کہ نہ میں نے خود کو بینچ سے الگ کیا نہ لاتعلقی کی، نہ ہی اپنے مختصر نوٹ میں ایسی کوئی وجوہات دی تھیں، میں نے بھی اپنے نوٹ میں درخواستوں کے ناقابلِ سماعت ہونے کے بارے میں بلا ہچکچاہٹ رائے دی تھی۔

جسٹس اطہر من اللّٰہ کا اپنے تفصیلی نوٹ میں کہنا ہے کہ جسٹس منصور اور جسٹس مندوخیل کی تفصیلی وجوہات سے میں مکمل اتفاق کرتا ہوں، اتفاق کرتا ہوں کہ از خود نوٹس کیس تین چار سے مسترد ہوا، عدالت کو سیاسی تنازع سے بچنے کے لیے اپنے نوٹ میں فل کورٹ کی تشکیل کی تجویز دی تھی، فل کورٹ کی تشکیل سے عوامی اعتماد قائم رہتا۔

’’از خود نوٹس نے عدالت کو غیر ضروری تنازعات سے دو چار کر دیا‘‘

تفصیلی نوٹ میں جسٹس اطہر من اللّٰہ نے کہا ہے کہ از خود نوٹس کی کارروائی نے عدالت کو غیر ضروری سیاسی تنازعات سے دو چار کر دیا ہے، اس کیس میں سیاسی اسٹیک ہولڈرز کا کردار بھی دیکھنا چاہیے تھا، سیاسی جماعت نے اپوزیشن کا آئینی کردار ادا کرنے کے بجائے سیاسی حکمتِ عملی کے طور پر استعفے دیے، جب استعفے منظور ہوئے تو منظوری کے خلاف پھر عدالتوں میں آ گئے۔

جسٹس اطہر من اللّٰہ کی جانب سے تفصیلی نوٹ میں سوالات اٹھائے گئے ہیں کہ سیاسی حکمتِ عملی کے طور پر صوبائی اسمبلیاں تحلیل کرنا کیا جمہوریت سے مطابقت رکھتا ہے؟ کیا سیاسی حکمتِ عملی کے طور صوبائی اسمبلیاں تحلیل کرنا بذاتِ خود آئین کی خلاف ورزی نہیں؟ کیا سپریم کورٹ کو خود کو سیاسی حکمتِ عملیوں کو آگے بڑھانے کے لیے استعمال کرنے کی اجازت دینی چاہیے؟ کیا سپریم کورٹ کو غیر جمہوری طرزِ عمل کو فروغ دینے والا بننا چاہیے؟

’’از خود نوٹس سے سیاسی ماحول مزید تلخ ہو گیا‘‘

تفصیلی نوٹ میں جسٹس اطہر من اللّٰہ کا کہنا ہے کہ از خود نوٹس سے پہلے سے سیاسی ماحول مزید تلخ ہو گیا جس سےعدالت پر اعتراضات اٹھے، اسی باعث عدالت کی غیر جانبداری پر سوالات اٹھے اور تحریری اعتراضات داخل ہوئے، سپریم کورٹ کو خود کو کسی کی سیاسی حکمتِ عملیوں کو آگے بڑھانے کے لیے پیش نہیں کرنا چاہیے، سپریم کورٹ غیر ارادی طور پر سیاسی اسٹیک ہولڈرز کو تنازعات کے حل کے لیے عدالتی فورم فراہم کر کے پارلیمنٹ کو کمزور کر رہی ہے۔

جسٹس اطہر من اللّٰہ نے تفصیلی نوٹ میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے پنجاب اور خیبر پختون خوا اسمبلی تحلیل کرنے کا فیصلہ کیا، دونوں صوبوں میں انتخابات کرانے پر متعلقہ ہائی کورٹس سے رجوع کیا گیا، ہائی کورٹس میں معاملہ زیرِ التواء ہونے کے باوجود از خود نوٹس لیا گیا، از خود نوٹس سے ہائی کورٹ میں درخواستیں دائر کرنے والے سائلین کے حقوق متاثر ہوئے۔

’’میں نے فل کورٹ بنانے کی تجویز دی تھی‘‘

تفصیلی نوٹ میں جسٹس اطہر من اللّٰہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی درخواست پر جس انداز سے کارروائی ہوئی اس سے عدالت سیاسی تنازعات کا شکار ہوئی، کارروائی سے سیاسی فریقوں کو عدالت پر اعتراض اٹھانے کا موقع فراہم کیا گیا، معاملے پر فل کورٹ تشکیل دینے سے متنازع صورتِ حال سے بچا جا سکتا تھا، ہر جج نے آئین کے تحفظ کا حلف اٹھا رکھا ہے، میں نے فل کورٹ بنانے کی تجویز دی تھی۔

’’سیاستداں اپنے معاملات بات چیت سے حل کریں‘‘

جسٹس اطہر من اللّٰہ کے تفصیلی نوٹ میں قاسم سوری رولنگ کیس کا بھی حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ عمران خان نے تحریکِ عدم اعتماد کے بعد اپوزیشن میں جانے کے بجائے استعفے دیے، پی ٹی آئی کے اسمبلی سے استعفوں کے باعث سیاسی بحران میں اضافہ ہوا، آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے دور رس نتائج مرتب ہوئے، سیاستداں اپنے معاملات سیاسی بات چیت سے حل کریں۔

تفصیلی نوٹ میں جسٹس اطہر من اللّٰہ کا کہنا ہے کہ ستم ظریفی ہے کہ سیاسی تنازعات میں عدالت کو شامل کیا جاتا ہے حالانکہ اس کا تصور بھی نہیں کرنا چاہیے، آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے سیاسی ماحول پر اثرات ہوئے جو پولرائزڈ سیاسی اسٹیک ہولڈرز کے لیے بہت دور رس تھے۔

چیف جسٹس نے از خود نوٹس لیا تھا

واضح رہے کہ چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال نے غلام محمد ڈوگر ٹرانسفر کیس میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس مظاہر نقوی کے نوٹ پر ازخود نوٹس لیا تھا۔

ازخود نوٹس کے بعد 9 رکنی بینچ تشکیل دیا گیا تھا۔

جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس جمال مندوخیل نےالیکشن از خود نوٹس کو مسترد کیا تھا۔

جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس اطہر من اللّٰہ نے بھی از خود نوٹس کو مسترد کر دیا تھا۔

جسٹس اطہر من اللّٰہ از خود نوٹس اور آئینی درخواستیں مسترد کرنے والے چوتھے جج ہیں۔

قومی خبریں سے مزید