• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف کی نا اہلی اب نوشتۂ دیوار ہے: پرویز الہٰی

چوہدری پرویز الہٰی—فائل فوٹو
چوہدری پرویز الہٰی—فائل فوٹو

تحریکِ انصاف کے صدر چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ آئینی اور قانونی طور پر شہباز شریف کی نااہلی اب نوشتۂ دیوار ہے۔

صدر تحریکِ انصاف چوہدری پرویز الہٰی نے پاکستانی نژاد امریکی بزنس مین طاہر جاوید سے ملاقات کے دوران کہا ہے کہ چیف جسٹس کےاختیارات محدود کرنے کے لیے غیر آئینی بل کی پارلیمنٹ میں منظوری جمہوریت کی نفی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کی ڈیڈ لائن ختم ہو گئی، فنڈز جاری نہ کر کے شہباز شریف توہینِ عدالت کے مرتکب ہو چکے، پی ڈی ایم کا ٹولہ آئین کی دھجیاں اڑا رہا ہے، تاریخ ان سے حساب لے گی، سپریم کورٹ اور آئین ساتھ کھڑے ہیں، پی ڈی ایم اداروں کو لڑانے کی سازش میں ناکام ہو گی۔

پرویز الہٰی نے کہا کہ چیف جسٹس عمر عطاء بندیال مشکل گھڑی میں سرخرو ہوں گے، قوم ان کے ساتھ ہے، نواز شریف انتقامی سیاست کر رہے ہیں، ان کا مقصد عمران خان سے بدلہ لینا ہے، نواز شریف کبھی اس مقصد میں کامیاب نہیں ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی کال کا انتظار ہے، عوام آئین اور عدلیہ کے تحفظ کے لیے سڑکوں پر آنے کو تیار ہیں، الیکشن کے لیے فنڈز پارلیمنٹ کو نہیں وزیرِ اعظم اور وزیرِ خزانہ نے جاری کرنے ہیں، پارلیمنٹ عملی طور پر سپریم کورٹ کے خلاف پی ڈی ایم کا کیمپ آفس بن چکی ہے۔

صدر پی ٹی آئی نے یہ بھی کہا کہ اسپیکر راجہ پرو یزاشرف جاگیں، آئین کی 50 ویں سالگرہ کے نام پر پارلیمنٹ میں گرینڈ سیاسی ڈرامہ رچایا گیا، سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج کی موجودگی میں عدلیہ کی تضحیک کی گئی، جسٹس اطہر من اللّٰہ اپنے نوٹ میں تسلیم کر چکے ہیں کہ 90 روز میں الیکشن پر معزز ججز میں کوئی اختلاف نہیں۔

قومی خبریں سے مزید