پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کا نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ سے ایک دن قبل ویڈیو بیان شیئر کیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر نسیم شاہ کا ویڈیو بیان شیئر کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ لاہور کے لوگ ہمیشہ کرکٹ کو سپورٹ کرتے ہیں۔
نسیم شاہ نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ میں لاہور کا بہت کراؤڈ آتا ہے اور جب انٹرنیشنل میچز ہوں تو اسٹیڈیم میں اور زیادہ لوگ آتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم توقع کر رہے ہیں کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں کراؤڈ آئے گا جو ٹیم کو سپورٹ کرے گا اور ٹیم کے ساتھ اپنی دعائیں شامل کرے گا۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ کل لاہور میں شیڈول ہے جس کے لیے دونوں ٹیمیں آج قذافی اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن کریں گی۔
آج پریکٹس سے قبل دونوں ٹیموں کے کپتان پریس کانفرنس کریں گے اور ٹرافی کی رونمائی بھی ہوگی۔
واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 ٹی ٹوئنٹی اور 5 ون ڈے میچز کھیلے جائیں گے۔