پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ ٹینشن ختم کرنے کیلئے سیاسی جماعتیں ہی کام کرسکتی ہیں۔
سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی، قمر زمان کائرہ اور نوید قمر ملاقات کیلئے شاہ زین بگٹی کی رہائش گاہ پہنچے۔
اس موقع پر یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ملک کی موجودہ صورتحال کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے، جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ شاہ زین بگٹی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ ملک میں حالات بگڑ رہے ہیں۔
شاہ زین بگٹی نے کہا کہ ملکی حالات کیلئے اپنے ساتھیوں سے رابطے کے بعد رائے قائم کریں گے۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ مسائل کے حل کیلئے ہم نے تمام سیاسی جماعتوں سے رابطوں کا سلسلہ شروع کیا ہے۔
شاہ زین بگٹی نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان بات چیت کا سلسلہ شروع ہونا چاہیے۔
قمر زمان کائرہ نے کہا کہ قوم آج سیاستدانوں کی طرف دیکھ رہی ہے، ہمیشہ سیاست دان ہی مسائل کا حل نکالتے ہیں۔
نوید قمر نے کہا کہ چاہتے ہیں مذاکرات کے ذریعے ہی مسائل کا حل نکلے۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ مسائل کے حل کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو اکٹھا کرنے کا کام کر رہے ہیں، چارٹر آف ڈیموکریسی کی طرح چارٹر آف اکانومی پر بھی بات ہونی چاہیے۔