• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فائیو اے سائیڈ ہاکی سے پلیئرز کی فٹنس بہتر ہوجائیگی،نوید عالم

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ڈی جی اولمپین چوہدری نوید عالم  نے کہا ہے کہ  ہاکی فائیو میں کھلاڑیوں کو گراؤنڈ میں زیادہ متحرک ہونا پڑےگا جس سے انہیں اپنی فزیکل فٹنس بہتر کرنے میں مدد ملے گی، انہو ں نے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ ملک میں  اس کھیل کی تر قی میں معاون ثابت ہوگا ،انہوں نے کہا کہ ملک میں ہاکی کی بحالی کےلئے پی ایچ ایف کی طرف سے فائیو اے سائیڈ ہاکی ٹورنامنٹ کا انعقاد ایک اہم قدم ہے جس طرح ٹی 20 کرکٹ نے کرکٹ میں کھلاڑیوں کی دلچسپی پیدا کی اسی طرح امید ہے کہ فائیو اے سائیڈ ہاکی ٹورنامنٹ بھی ہاکی کے فروغ کا باعث بنے گا۔  انہوں نے کہا کہ ہاکی فائیو میں رولز زیادہ مشکل نہیں ہیں اور نئے کھلاڑیوں کو دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑےگا ۔ گول کیپر مخالف ٹیم کے خلاف گول کرسکے گا۔ ہر ٹیم چار کھلاڑی اور ایک گول کیپر پرمشتمل ہوگی۔ اس کا گراؤنڈ بھی چھوٹا ہوتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں ہاکی کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے لیکن ان کی صلاحیتوں میں نکھار لانے کےلئے حکومت اور اسپانسر اداروں کی بھرپور سرپرستی کی ضرورت ہے۔ اسکول، کالج میں ہاکی پر بھرپور توجہ دی جائے۔ کھلاڑیوں کو فکر معاش سے آزاد کروانے کےلئے انہیں ملازمتیں اور دیگر سہولیات دی جائیں۔ پی ایچ ایف کو اپنے سٹیڈیمز اور اکیڈمیاں قائم کرنے اور دیگر سہولیات فراہم کرنے کےلئے زیادہ سے زیادہ گرانٹ دی جائے، ملک میں زیادہ سے زیادہ آسٹروٹرف بچھائی جائیں تو پاکستان ہاکی ٹیم کا مستقبل روشن ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں کھلاڑیوں کو کم سہولت حاصل تھیں لیکن ان کے اندر جذبہ بہت تھا۔ موجودہ کھلاڑیوں کو بھی اپنے اندر وہی جذبہ پیدا کرکے سخت محنت کرنا ہوگی۔ ہاکی کی نئی مینجمنٹ ملک میں ہاکی کی بحالی کےلئے اچھے اقدامات کررہی ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ غیر مما لک کی ہاکی ٹیمیں بھی ہر بڑے ایونٹ میں پاکستان کی شرکت چاہتی ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ کوئی بھی ٹورنامنٹ پاکستان کی ہاکی ٹیم کے بغیر مکمل نہیں لگتا۔
تازہ ترین