کراچی( اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اپنے نئے ایونٹ فائیو سائیڈ ہاکی ٹورنامنٹ میں منتخب کی گئی ٹیموں کو متوازن رکھنے کے پیمانے کو مکمل طور پر نظر انداز کردیا ہے،جس پر بعض ٹیموں کے آ فیشلز نے ناراضی کا اظہار کیا ہے، جنگ کو ملنے والی اطلاع کے مطابق ٹیموں کے انتخاب اور ان کے آ فیشلز کی تقرری کے حوالے سے تمام ذمے داری پی ایچ ایف کے ایک اہم عہدے دار نے اپنے دوست اور سابق ہاکی اولمپئین کے حوالے کردی تھی جنہوں نے کھلاڑیوں کے انتخاب میں ٹیموں کو متوازن رکھنے کے فارمولے کو نظر انداز کردیا، جس پر بعض ٹیموں کے آ فیشلز خوش نہیں ہیں،اسی طرح ٹیموں کی قیادت میں بھی جانب داری کا مظاہرہ کیا گیا،دل چسپ صورت حال یہ ہے کہ ٹیموں کے انتخاب میں ان کے آ فیشلز سے کسی قسم کی مشاورت تک نہیں کی گئی ہے، بعض ٹیموں کے آ فیشلز تو اپنی تقرری سے بھی لاعلم تھے اور انہیں میڈیا کے توسط سے اپنی ذمے داری کے بارےمیں علم ہوا،پاکستان ہاکی فیڈریشن نے دو ٹیموں میں زیادہ تر تجربے کار کھلاڑیوں کو شامل کیا ہے اور ان کی قیادت بھی سنیئر کھلاڑیوں کو دی گئی ہے۔واضح رہے کہ فائیو اے سائیڈ ہاکی ٹور نامنٹ ہفتے سے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں شرع ہوگا جس میں اسلام آباد فائٹرز، کوئٹہ واریئرز، فیصل آباد ایکسپریس، کراچی شارک، لاہور لائنز اور پشاور پینتھرز پر مشتمل 6 ٹیمیں حصہ لیں گی،لیگ 18 سے 25جون تک کھیلی جائے گی ہاکی کو تیز تر بنانے کیلئے اسٹیڈیم کی لمبائی میں 50گز جبکہ چوڑائی میں10گز تک کمی کی گئی ۔