• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپنے خلاف مقدمات کی سماعت کیلئے عمران خان آج اسلام آباد نہیں آئینگے

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

اپنے خلاف مختلف مقدمات کی سماعت کے سلسلے میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان آج اسلام آباد نہیں آئیں گے۔

ذرائع کے مطابق آج اسلام آباد کی 3 مختلف عدالتوں میں عمران خان کے کیسز سماعت کے لیے مقرر ہیں۔

عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں آج مختلف عدالتوں میں دائر کی جائیں گی، استثنیٰ کی یہ درخواستیں سیکیورٹی وجوہات اور سیاسی نوعیت کے مقدمات کے باعث دائر کی جائیں گی۔

عمران خان کی لیگل ٹیم میں وکلاء سلمان صفدر، فیصل چوہدری، نعیم پنجوتھہ اور علی بخاری مختلف عدالتوں میں پیش ہوں گے۔

پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم اے ٹی سی کے بعد ضلعی کچہری اور پھر اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہو گی۔

تھانہ سنگجانی میں درج مقدمے میں عمران خان کو اے ٹی سی نے آج تک ضمانت میں توسیع دے رکھی ہے۔

عمران خان کے خلاف ضلع کچہری میں خاتون جج کو دھمکی دینے کا کیس بھی آج سماعت کے لیے مقرر ہے۔

سول جج ملک امان نے آج عمران خان کو کیس کی نقول کی فراہمی کے لیے طلب کر رکھا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں 8 مقدمات

اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کی 8 مقدمات میں عبوری ضمانتیں آج تک منظور کر رکھی ہیں۔

عدالتِ عالیہ میں جوڈیشل کمپلیکس میں توڑ پھوڑ کے کیسز اور محسن شاہنواز رانجھا پر حملہ کیس سمیت عمران خان کی 8 مقدمات میں ضمانت کی درخواست پر سماعت آج ہو گی۔

چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل ڈویژن بینچ ان کیسز کی سماعت کرے گا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں عمران خان کی درخواست پر سماعت کا آغاز دوپہر 2 بج کر 30 منٹ پر ہو گا۔

گزشتہ سماعت پر عمران خان نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی تھی۔

عدالت نے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے عبوری ضمانت میں آج تک توسیع کی تھی۔

عمران خان کی ویڈیو لنک کے ذریعے پیشی کی درخواست بھی آج سماعت کے لیے مقرر ہے۔

قومی خبریں سے مزید