ملتان ( سٹاف رپورٹر ) ملتان میں کم آمدنی والے افراد کے لئے دو سو ایکڑ پر مشتمل ہاؤسنگ سکیم کا منصوبہ صوبائی بجٹ سے ختم کر دیا گیا ہے۔صوبائی بجٹ میں کم آمدنی والے افراد کے لئےہاؤسنگ سکیمیں بنانے کے لئے 50 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں جبکہ ملتان کے لئے کسی بھی سکیم کا اعلان نہیں کیا گیااور نہ ہی کسی قسم کے فنڈز رکھے گئے جبکہ محکمہ ہاؤسنگ اینڈ فزیکل پلاننگ ملتان نے کچھ عرصہ قبل دو سو ایکڑ قطعہ اراضی پر کم آمدنی والے افراد کے لئے 5 مرلہ ہاؤسنگ سکیم بنانے کا پرپوزل صوبائی حکومت کو بھیجا تھا اور بجٹ میں فنڈز رکھنے کی سفارش کی گئی تھی ، دوسری طرف صوبائی بجٹ میں ملتان کا منصوبہ ڈراپ کر دیا گیا اور دیگر منصوبوں کے لیئے 50 کروڑ روپے کی رقم رکھی گئی ہے ۔ صوبائی بجٹ میں لودھراں میں 50 ایکڑ پر مشتمل ایریا ڈویلپمنٹ سکیم کے لئے 10 کروڑ 83 لاکھ روپے مختص کر دیئے گئے ہیں جبکہ اس منصوبے کا تخمینہ لاگت 18 کروڑ 83 لاکھ روپے ہے ۔ اسی طرح چشتیاں میں 50 ایکڑ پر مشتمل 3 مرلہ ہاؤسنگ سکیم کے لئے 11 کروڑ 51 لاکھ روپے مختص کئےگئے ہیں جبکہ اس منصوبے کا تخمینہ لاگت 19 کروڑ 51 لاکھ روپے ہے۔صوبائی بجٹ میں سیالکوٹ میں200 ایکڑ پر مشتمل ایریا ڈویلپمنٹ سکیم کے لیئے 20 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں جبکہ تخمینہ لاگت ایک ارب روپے ہے ۔ چنیوٹ میں 50 ایکڑ پر مشتمل ایریا ڈویلپمنٹ سکیم کے لئے 7 کروڑ 64 لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں جبکہ اس منصوبے کا تخمینہ لاگت 25 کروڑ روپے ہے ۔ واضح رہے کہ ملتان کا منصوبہ ختم ہونے پر کم آمدنی والے افراد کو سخت مایوسی کا سامنا ہے ۔