• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سوات: سی ٹی ڈی تھانے میں دھماکا، 12 افراد شہید، متعدد زخمی

سوات کے علاقے کبل میں محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) تھانے میں دھماکا ہوا ہے، جس میں 12 افراد شہید جبکہ 40 افراد زخمی ہوگئے۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ تھانہ سی ٹی ڈی کبل میں 2 دھماکے ہوئے۔

ڈی آئی جی خالد سہیل نے بتایا کہ تھانے میں اسلحہ اور مارٹر گولے بھی موجود تھے، ممکن ہے مارٹر گولے پھٹنے سے دھماکے ہوئے ہوں، یہ خودکش دھماکا بھی ہوسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تھانے کے گیٹ پر دھماکا نہیں ہوا، عموماً خود کش حملہ آور گیٹ پر ہی خود کو اڑا دیتا ہے۔

ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے کہا کہ تھانے کی عمارت پرانی تھی، بیشتر دفاتر اور اہلکار نئی عمارت میں تھے۔

ڈی آئی جی خالد سہیل کا یہ بھی کہنا تھا کہ دھماکے سے تھانے کی عمارت بیٹھ گئی، دھماکے سے بجلی منقطع ہوگئی، نوعیت معلوم کی جارہی ہے۔

آئی جی خیبر پختونخوا پولیس اختر حیات گنڈاپور کا کہنا ہے کہ صوبے میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے سوات کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی۔

اس حوالے سے محکمہ صحت کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق دھماکے سے متاثرہ افراد کو ہنگامی بنیادوں پر علاج فراہم کیا جائے۔

قومی خبریں سے مزید