• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت اور کچھ عناصر وزیراعظم کا احتساب نہیں چاہتے، سراج الحق

لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ٹی او آرز کمیٹی کے آٹھ اجلاسوں کے بعد بھی کمیشن کے قیام پر اتفاق نہ ہونے سے ثابت ہوگیا ہے کہ حکومت اور کچھ عناصر  وزیراعظم کا احتساب نہیں چاہتے۔سب خوف زدہ ہیں کہ اگر آج وزیر اعظم پھنس گئے تو کل ان کی باری آئے گی اسلئے احتساب اور جوڈیشل کمیشن کے معاملے کو متنازعہ بنا کر اس سے جان چھڑالی جائے لیکن عوام کرپشن اور لوٹ کھسوٹ کے نظام کا خاتمہ چاہتے ہیں ۔چیئرمین نیب کاتقرر وزیر اعظم اور اپوزیشن لیڈر کی بجائے چیف جسٹس آف پاکستان، اسلام آباد ہائی کورٹ اور چاروں صوبائی چیف جسٹس صاحبان کی مشاورت سے ہونی چاہئے ۔ پاکستان اور اسلام لازم و ملزوم ہیں۔نفاذ اسلام کے لئے دینی قوتوں کو باہمی اختلافات سے نکلنا ہوگا۔ رمضان نشریات کے نام پر رمضان کے تقدس کو پاما ل اور دینی پروگراموں کے نام پر دین کوبدنام نہ کیا جائے ۔افطاری کے لمحات میں  لڑکے لڑکیوں کےمخلوط ڈانس مقابلے کرانا اللہ کے غضب کو دعوت دینے کے مترادف ہے ۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے  اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں ایک افراتفری اور انتشار ہے، حکمرانوں کی نااہلی کی سزا پوری قوم بھگت رہی ہے ۔خواتین اوربچوں سمیت کسی کے حقوق محفوظ نہیں ،بچیوں کو زندہ جلایا جارہا ہے ،اندرونی اور بیرونی خطرات نے ملک کو چاروں طرف سے گھیر رکھا ہے ،عوام حکمرانوں سے بالکل مایوس ہوچکے ہیں ۔ان حالات میں ضروری ہے کہ قوم اجتماعی توبہ کرے اور اللہ تعالیٰ کے ساتھ جس عہد کے تحت پاکستان حاصل کیا گیا تھا اس عہد کو پورا کرے ۔ 20کروڑ عوام کا مستقبل بچانے کیلئے پانچ ،چھ ہزار لٹیروں اور ڈاکوؤں کی قربانی دینا پڑےگی، عدلیہ کو آزادانہ فیصلوں کے ذریعے عوام کا اعتماد بحال کرنا چاہئے ،قومی امانتوں میں خیانت کرنے والے کو سرکاری اور عوامی منصب کیلئے عمر بھر کیلئے نااہل قرار دیکر کم از کم 25سال تک جیل میں بند رکھنا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ کرپٹ افراد  کی تمام جائیداد بحق سرکار ضبط کرکے انہیں عبرت کا نشان بنا دینا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ ہوٹلوں اور کھانے پینے کی دکانیں سر عام کھلی ہونے اور جہازوں میں دن کے وقت کھانا و مشروبات سرو کرنے پر یوں لگتا ہے کہ یہ اسلامی ملک نہیں ہے ۔
تازہ ترین