• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رحیم یار خان اور راجن پور کے کچے میں آپریشن، 7 ڈاکو ہلاک، متعدد گرفتار

فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا
فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا

رحیم یار خان اور راجن پور کے کچے کے علاقے میں پولیس کا ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن  22 ویں روز میں داخل ہو گیا ہے، اب تک 7 ڈاکوؤں کو ہلاک اور متعدد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

پولیس کے ترجمان کے مطابق رحیم یار خان میں آپریشن میں کلیئر کروائے گئے کچے کے علاقوں میں پولیس گشت کر رہی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ داخلی اور خارجی راستوں پر ناکہ بندی کی گئی ہے اور آنے جانے والوں کی چیکنگ بھی کی جا رہی ہے۔

ترجمان نے بتایا ہے کہ پولیس کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف پیش قدمی جاری رکھے ہوئے ہے، ڈاکوؤں کے خفیہ ٹھکانوں پر ٹارگٹڈ کارروائیاں بھی جاری ہیں۔

ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ آپریشن میں 3 ڈاکو ہلاک اور 28 کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ ان سے اسلحہ بھی آمد ہوا ہے۔

دوسری جانب ڈی پی او محمد ناصر سیال نے بتایا ہے کہ راجن پور میں پولیس کے دستوں نے کچہ میانوالی ون کا کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا ہے کہ کچہ میانوالی ون میں ڈاکوؤں کے ٹھکانوں، کمین گاہوں کو تباہ کر دیا گیا اور علاقے میں پولیس چوکیاں قائم کر دی گئی ہیں۔

ڈی پی او محمد ناصر سیال کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہاں اب تک 4 ڈاکو ہلاک، 8 زخمی ہوئے ہیں جبکہ 5 ڈاکوؤں کو اسلحے سمیت گرفتار کیا گیا ہے جبکہ ڈاکوؤں کے 20 سہولت کار بھی گرفتار کیے جا چکے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید