لاہور( نمائندہ جنگ، ایجنسیاں )نگراں حکومت پنجاب نے آٹا اسکیم میں کرپشن کے الزام پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیاست نہ کریں، شاہد خاقان عباسی یا تو معذرت کریں یا ثبوت مہیا کریں،مفت آٹا اسکیم پنجاب کی تاریخ کی کامیاب ترین اسکیم ہے جس میں پنجاب کے 3کروڑ سے زائد مستحق لوگوں کو رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں مفت آٹا تقسیم کیا گیا ۔ نگراں وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر نے شاہد خاقان عباسی کی جانب سے مفت آٹا اسکیم میں مبینہ دھاندلی کے الزامات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا یہ الزامات جھوٹے اور من گھڑت ہیں، حکومت پنجاب نے مفت آٹا اسکیم کے تحت پنجاب کے کروڑوں مستحقین کو بڑا ریلیف دیا ،ایک پائی کی بھی کرپشن نہیں ہوئی، الزام لگانے والوں کی اپنی ساکھ مجروح ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مفت آٹا اسکیم کو وفاقی اور پنجاب حکومت نے ملکر فنڈ کیاتھا اور اپنی نوعیت کی اس منفرد آٹا اسکیم کو پارٹی کی اندرونی سیاست کی بھینٹ چڑھانا سراسر زیادتی ہے ،شاہد خاقان اپنے جھوٹے الزامات پر یا تو معذرت یا ثبوت مہیا کریں۔