• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یکم مئی کا دن محنت کے تقدس اور وقار کی علامت ہے، وزیراعظم

فائل فوٹو
فائل فوٹو

وزیراعظم شہباز شریف کا محنت کشوں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہنا ہے کہ آج کا دن محنت کے تقدس اور وقار کی علامت ہے۔

محنت کشوں اور مزدوروں کا عالمی دن آج دنیا بھر میں منایا جا رہا ہے، وزیراعظم کا کہنا ہے کہ آج کے دن پوری قوم محنت کش طبقے کو شاندار خراج تحسین پیش کرتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ قوم ملک کی ترقی میں مزدوروں کے کردار اور معاونت کو سراہتی ہے، اسلام سماجی انصاف، مساوات اور انسانی حقوق کے احترام کے اصولوں پر زور دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام نے عالمی لیبر قوانین سے بہت پہلے ہی مزدوروں کے حقوق سے متعلق رہنما اصول طے کردیے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ مزدور اور آجر پیداواری عمل میں شراکت دار ہیں، موجودہ حکومت محنت کشوں کے کام کرنے اور زندگی گزارنے کے حالات کو بہتر بنانے کیلیے پرعزم ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے مزدوروں کی کم ازکم اجرت 17500 روپے ماہانہ سے بڑھا کر 25000 روپے کردی ہے، حکومت مزدوروں کے فلاحی اداروں کیلئے خودکار، مربوط نظام تیار کرنے کیلئے کام کر رہی ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے پیشہ ورانہ تربیت اور ہنر کی ترقی کے پروگرام شروع کیے ہیں،کسی بھی ملک کی معاشی ترقی کے لیے مزدوروں کا کردار اہم ہوتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پُرعزم ہے کہ معاشی ترقی کے فوائد آبادی کے تمام طبقات کیلئے خوشحالی میں تبدیل ہوں۔

قومی خبریں سے مزید