بجٹ خسارہ گزشتہ تین سالوں میں آدھا رہ گیا ہے ،اٹھارہویں ترمیم کے بعد صوبے بھی بجٹ خسارے میں جاسکتے ہیں، میرے اثاثوں کی تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع ہیں ،غلط الزامات لگانے والوں کو عدالت لے کر جاؤں گا، ان خیالات کا اظہاروزیر خزانہ اسحاق ڈار نے قومی اسمبلی میں کیا۔
اسحاق ڈار نے مزیدکہا کہ اگر کوئی ان کے بیرون ملک اثاثے ثابت کردے تو وہ مستعفی ہوجائیں گے ۔اس ایوان کو دھرنوں یا سڑکوں کی سیاست میں نہ الجھائیں۔ ہمیں ایک دوسرے کی عزت کرنی چاہیے ،صرف خبر بنانے کے لیےفضول باتیں کی جاتی ہیں ۔
وزیرخزانہ نے کہا کہ معزز رکن کہتے ہیں ماش کی دال 260 روپے کلو ہوگئی ،چکن پر تمام سیلز ٹیکس اور ڈیوٹیز ختم کردی گئیں ، میں ان سے کہتا ہوں کہ وہ ماش دال کے بجائے چکن کھائیں ۔
معزز رکن اپنے حلقے میں لوگوں کو چکن کھانے کا مشورہ دیں، چکن کی اوسط قیمت 200 روپے فی کلو ہے ، ٹی سی پی کو دال درآمد کرنے کی ہدایت کی ہے ۔