• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف نے عدلیہ کو گالیاں دینے کیلئے خواجہ آصف کو آگے کیا ہے، پرویز الہٰی

سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ شہباز شریف اعتراض کرتے ہیں عدالتیں روز ضمانتیں دے دیتی ہیں، شہباز شریف نے عدلیہ کو گالیاں دینے کیلئے خواجہ آصف کو آگے کیا ہے۔

گوجرانوالہ بار کے صدر انتخاب عالم اور دیگر وکلاء سے ملاقات کے دوران  پرویز الہٰی نے کہا کہ نواز شریف ضمانت پر پانچ سال پہلے لندن گئے، کیوں واپس نہیں آ رہے، نواز شریف کی ضمانت بھی شہباز شریف نے خود دی تھی۔

 پرویز الہٰی نے کہا کہ امید ہے شہباز شریف بھائی کو واپس لا کر عدلیہ کے سامنے پیش کریں گے، رانا ثناء ماڈل ٹاؤن میں خواتین، بچوں اور بزرگوں پر گولیاں چلانے کا جواب دیں۔

صدر پی ٹی آئی نے کہا کہ عوام عمران خان کا ساتھ دیں گے، ن لیگ والے منہ چھپاتے پھریں گے، عمران خان پی ڈی ایم کے سب سیاستدانوں سے بڑے ہیں،  تحریک انصاف اکیلی ان 13 جماعتوں پر حاوی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کی ترقی اور سلامتی کیلئے اہم کردار ادا کیا ہے، پاکستان اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے لگا تو پی ڈی ایم نے عمران خان کی حکومت گرا دی، پی ڈی ایم نے ہی پاکستان کی ترقی کو ریورس گیئر لگایا۔

پرویز الہٰی نے مزید کہا کہ عمران خان کو پی ڈی ایم کی طرح عوام کو دھوکا دینا نہیں آتا ہے، ہر دور میں شریف برادران توشہ خانہ کی لسٹ میں سر فہرست رہے۔

سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں نگراں حکومت ختم ہو چکی، اب محسن نقوی اور ان کے چمچے غیر قانونی طور پر پنجاب پر قابض ہیں، عدلیہ میں نگراں حکومت کے خلاف درخواستیں جمع ہیں انشا اللّٰہ جلد فیصلہ ہو جائے گا۔

پرویز الہٰی نے یہ بھی کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔

قومی خبریں سے مزید