• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انداز اپنا اپنا کی باکس آفس پر ناکامی کی وجہ 29 سال بعد سامنے آگئی

بھارت کے نامور اسٹارز سلمان خان اور عامر خان کے کیریئر کے ابتدائی دور کی کامیڈی فلم ’انداز اپنا اپنا‘ کی باکس آفس پر ناکامی کی وجہ 29 برس بعد سامنے آگئی۔ 

 بھارتی میڈیا کی ہی رپورٹ کے مطابق فلم ساز راجکمار سنتوشی نے فلم کی باکس آفس پر ناکامی کا ملبہ ڈھکے چھپے الفاظ میں سلمان خان اور عامر خان پر ہی گرا دیا۔ 

1994 میں ریلیز ہونے والی یہ کامیڈی فیملی ڈرامہ فلم انداز اپنا اپنا میں سلمان خان اور عامر خان کے علاوہ روینہ ٹنڈن، کرشمہ کپور، پاریش راول اور شکتی کپور جیسے بڑے اسٹارز نے بھی کام کیا۔ 

ریلیز کے وقت فلم کو زیادہ پذیرائی نہ مل سکی، تاہم کچھ عرصے بعد یہی فلم ہندی سنیما میں کامیڈی فلموں کو پروان چڑھانے میں معاون ثابت ہوئی۔ 

بھارتی نیوز چینل کو انٹرویو کے دوران فلم ساز راجکمار سنتوشی نے 29 سال قبل ریلیز ہونے والی اس فلم سے متعلق کہا کہ انداز اپنا اپنا ایک بالکل مختلف کہانی تھی، اس میں رومانوی انداز سے کامیڈی اور ایڈونچر کا تڑکہ زیادہ تھا۔ 

انہوں نے کہا کہ یہ ایک منفرد فلم تھی، مجھے نہیں یاد کہ میں نے اس سے قبل اس طرح کی کوئی فلم دیکھی ہو۔ لوگوں کو اس فلم کو سمجھنے میں وقت لگا۔ 

ساتھ میں راجکمار سنتوشی نے یہ بھی کہا کہ اس وقت فلم ڈسٹری بیوٹرز نئے تھے، وہ اس کی تشہیر ایسی نہیں کرسکے جیسی کرنی چاہیے تھی۔ 

ساتھ میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ سلمان خان اور عامر خان کی اس فلم سے متعلق کوئی سرگرمی نہیں تھی، بلکہ فلم کی ریلیز کے وقت دونوں اسٹارز ممبئی میں ہی موجود نہیں تھے۔

انہوں نے فلم کا ری میک بنانے کے تصور کو رد کرتے ہوئے کہا کہ ان کا فلم سے متعلق ایسا کوئی ارادہ نہیں، بلکہ یہ فلم آج بھی اتنی ہی فریش لگتی ہے جتنی 29 برس قبل تھی۔ 

نامور فلم ساز نے خبردار کیا کہ کوئی بھی اس سدا بہار فلم کا ری میک بنانے کی کوشش کرے گا وہ ڈوب جائے گا کیونکہ ایسی فلم بنانے ممکن ہی نہیں ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید