• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی عرب اور ایران کو ایک دوسرے کا دشمن قرار دینا ناقابل قبول ہے، ابراہیم رئیسی

فائل فوٹو
فائل فوٹو

ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ سعودی عرب کو ایران کا دشمن یا ایران کو سعودی عرب کا دشمن قرار دینا ناقابل قبول ہے۔

شامی نیوز ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشیدگی کے دوران بھی ایران نے سعودی عرب کو ہرگز دشمن ملک قرار دینے سے گریز کیا تھا۔

ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای نے صرف امریکا اور اسرائیل کو دشمن قرار دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکا اور اسرائیل نے ایران کو فوبیا بناکر خطے کے ممالک کو ڈرانے اور دھمکانے کی سازش کی، وقت کے ساتھ یہ سازش بے نقاب ہوگئی۔

ابراہیم رئیسی کا کہنا تھا کہ ایران اور سعودی عرب دو بڑے ملک ہیں، تعلقات بحالی سے خطے میں بڑی اہم تبدیلیاں رونما ہوں گی۔

ایک سوال پر انہوں نے واضح کیا کہ ایران گزشتہ دہائیوں میں بھی شام کے ساتھ کھڑا تھا اور مستقبل میں بھی کھڑا رہے گا۔

ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ شام کے صدر بشارالاسد نے امریکی اتحاد اور اسرائیل کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے، امریکا اور اس کے حواریوں نے شام کو تقسیم کرنے کی گھناؤنی سازش کی تھی۔

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے مزید کہا کہ امریکیوں نے داعش اور دیگر دہشتگرد گروپوں کو تشکیل دینے کا اعتراف کیا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید