وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے عمران خان کو ثبوت لے کر عدالت جانے کا مشورہ دے دیا۔
عمران خان کے بیان پر ردعمل میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ آئینی حق ٹوئٹر، ریلی اور جلسوں پر نہیں ملتا، ثبوت لے کر عدالت اور تھانے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ جھوٹے الزام لگانا، بہتان بازی اور الزام تراشی کسی کا قانونی یا آئینی حق نہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ بہروپیے! حق صرف آئین اور قانون کے تحت ہیں، ہر شہری اپنے حقوق کے تحفظ کا پورا قانونی حق رکھتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ قانون کا تقاضا ہے ہر شہری تھانے اور عدالت جائے، ثبوت دے، آئینی حق ٹوئٹر، ریلی اور جلسوں پر نہیں ملتا، ثبوت لے کر عدالت اور تھانے جاؤ۔
مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ 35 پنکچر، 10 ارب، سائفر اور امریکی سازش جیسے الزام تم نے لگائے اور ثبوت کوئی نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عدالت میں کیوں نہیں جاتے اگر ثبوت ہیں؟ جو الزام دوسروں پر لگایا مجرم خود نکلے، دوسروں کو چور ڈاکو کہا اور خود ڈاکو ثابت ہوئے۔