• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پُر امن احتجاج ہر ایک کا حق ہے لیکن اس طرح کے جلاؤ گھیراؤ کی اجازت نہیں دی جائے گی، شیری رحمان

فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر شیری رحمان نے عمران خان کی گرفتاری کے بعد تحریک انصاف کے ردعمل کو انتہائی تشویشناک اور قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی ملک و قانون سے بالاتر نہیں ہے۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری کردہ اپنے بیان میں کہا ہے کہ قانون کو اپنا طریقہ کار اختیار کرنے دیا جائے، پُر امن احتجاج ہر ایک کا حق ہے لیکن اس طرح کے جلاؤ گھیراؤ اور اشتعال انگیزی کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔

قانونی گرفتاری کے بعد اس طرح کا جلاؤ گھیراؤ کبھی نہیں دیکھا گیا۔ فوجی حکام کی رہائش گاہوں اور حساس ادارے پر چڑھائی احتجاج نہیں حملہ ہے۔ پی ٹی آئی نے افسوسناک تاریخ رقم کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے دور حکومت میں تمام مخالفین کو گرفتار کیا لیکن ہم نے کبھی ملک کا جلاؤ گھیراؤ اور اداروں پر چڑھائی نہیں کی۔

شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد آصف علی زرداری نے انتقام سے بالاتر ہوکر لوگوں کا غصہ اور اشتعال کم کرنے کے لئے ’پاکستان کھپے‘ کا نعرہ لگایا جبکہ کل تحریک انصاف نے اشتعال انگیز اور ’پاکستان بند کرو‘ کے نعرے اور ٹرینڈ چلائے۔

عمران خان کرپشن کیس میں گرفتار ہوئے ہیں، اگر بے قصور ہیں تو تلاشی دیں اور اپنی بے گناہی ثابت کریں، جیسے ماضی میں ہمارے قائدین نے ثابت کی۔ انتشار اور جلاؤ گھیراؤ سے بے گناہی ثابت نہیں ہوگی۔ انہیں دیکھنا چاہئے کہ وہ اشتعال انگیزی میں کس حد تک بڑھ گئے ہیں، کوئی بھی ملک و قانون سے بالاتر نہیں ہے۔

قومی خبریں سے مزید