• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جانی ڈیپ کا کانز فلم فیسٹیول میں شاندار استقبال

جانی ڈیپ، فوٹو بین الاقوامی میڈیا
جانی ڈیپ، فوٹو بین الاقوامی میڈیا 

ہالی ووڈ اداکار جانی ڈیپ کی فلم ’ژین ڈو باری‘ کو کانز فلم فیسٹیول میں شاندار پذیرائی ملی۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کی مطابق، کانز فلم فیسٹیول کی افتتاحی رات کو فلم ’ژین ڈو بیری‘ شرکاء کو اتنی پسند آئی کہ سات منٹ تک کھڑے ہو کر تالیاں بجاتے رہے۔

2022ء میں سابقہ ​​اہلیہ امبر ہرڈ کے ساتھ بدنام زمانہ ہتک عزت کے مقدمے کے بعد اس فلم سے جانی ڈیپ کی بڑی اسکرین پر واپسی ہوئی ہے۔

اداکار پونی بندھے کالے بالوں کے ساتھ سن گلاسز لگائے سیکیورٹی کے ہمراہ اپنے پرجوش مداحوں کے ساتھ تصاویر بنواتے اور اُنہیں آٹوگراف دیتے ایونٹ میں داخل ہوئے۔

جیسے ہی فلم کا اختتام ہوا وہاں موجود ہجوم کی تالیوں کی آواز سے پورا ہال گونج اُٹھا اور یہ منظر دیکھ کرجانی ڈیپ کی آنکھوں میں آنسو آگئے۔

میون کی ہدایتکاری میں بننے والی اس فلم میں جانی ڈیپ نے فرانس کے پندرہویں کنگ لوئس کا کردار ادا کیا ہے۔ 

لیکن جانی ڈیپ کو کانز فلم فیسٹیول میں دیکھ کر ہر کسی کو خوشی نہیں ہوئی کیونکہ بہت سے لوگ سوشل میڈیا پر یہ دلیل دیتے نظر آرہے ہیں کہ فیسٹیول میں اداکار کی موجودگی نے غلط پیغام دیا ہے۔

دوسری جانب، کانز فلم فیسٹیول کے سربراہ تھیری فریماکس نے پیر کو صحافیوں سے بات کرتے ہوئے جانی ڈیپ کی فلم سے فیسٹیول کا افتتاح کرتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

اُنہوں نے کہا کہ’میں امریکا میں جانی ڈیپ کی ساکھ کے بارے میں نہیں جانتا، میری زندگی میں صرف ایک اصول ہے، وہ ہے سوچنے اور بولنے کی آزادی اور قانون کے دائرے کے اندر رہتے ہوئے کام کرنا۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ’اگر جانی ڈیپ پر کسی فلم میں کام کرنے پر پابندی لگائی گئی ہوتی یا فلم پر پابندی لگا دی جاتی تو ہم یہاں اس کے بارے میں بات نہیں کرتے‘۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید