پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف سینئر ہر فن مولا فنکار بشریٰ انصاری نے اپنے حالیہ انٹرویو میں اپنی 36 سالہ ناکام شادی کے حوالے سے کھل کر بات کی۔
نجی ڈیجیٹل میگزین کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شادی کے 36 سال بعد طلاق کا ہونا کسی کے لئے بھی آسان نہیں ہوتا، ایسا نہیں ہے کہ یہ سب اچانک ہوا۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنے سابق شوہر اقبال انصاری کو طلاق دینے سے قبل 10 سال تک الگ رہی لیکن لوگوں کو کبھی اس کا علم نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری زندگی میں بھی عام لوگوں کی طرح مسائل تھے جس کا جاننا ہر ایک کے لئے ضروری نہیں، ہم نے اپنے بچوں کی خاطر ساتھ رہ کر اور الگ رہ کر بھی کوشش کی کہ شادی قائم رہے لیکن ایسا نہ ہوسکا۔
انہوں نے اپنے سابق شوہر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے شادی کے بعد مجھے کام کرنے سے کبھی نہیں روکا بلکہ انہوں نے مجھے کام سکھایا، انہوں نے کئی ڈرامہ نگاروں کو بنایا انہیں کام سکھایا، میں نے بھی کہیں نہ کہیں ان سے ہی ڈرامہ لکھنا سیکھا لیکن باحیثیت میاں بیوی ہم ایک ساتھ نہیں رہ سکتے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ بچوں کی وجہ سے آج بھی اپنے سابق شوہر سے رابطے میں ہوں۔