• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اُمورِ خانہ داری میں اُلجھی، تھکی ماندی اکثر خواتین کو بیوٹی پارلرز جانے کا وقت ہی نہیں مل پاتا، جب کہ کچھ منہگائی کی وجہ سے بھی پارلر کا رُخ نہیں کرتیں۔ حدتو یہ ہےکہ کاسمیٹکس کی دُکانوں پر میسّر فیشل کِٹس بھی اس قدر منہگی ہوگئی ہیں کہ گھر پر فیشل کرنابھی اب ممکن نہیں رہا۔ لیکن خیر، آپ پریشان نہ ہوں، بہنیں ہی بہنوں کی مشکل سمجھتی ہیں، تو ہم آپ کی جِلد کی ترو تازگی کے لیے ایک ایسا نسخہ بتارہے ہیں کہ جس کا استعمال آسان بھی ہےاور جیب پر گراں بھی نہیں گزرےگا۔ یہ تو سب ہی جانتے ہیں کہ شادی بیاہ ہو یا کوئی تیج تیوہار اُبٹن کا استعمال صدیوں سےہماری درخشندہ روایات کا حصّہ رہا ہے۔ 

ہاں، وقت گزرنے کے ساتھ قدرتی اشیاء کی جگہ کیمیکل کریمز اور بیوٹی پارلرز نے ضرور لے لی تھی، لیکن قدرتی طور طریقوں کی افادیت کم نہیں ہوئی بلکہ نئے زمانے میں تو ایک بار پھر آرگینک، جڑی بوٹیوں اور گھریلو نسخوں کا رواج تیزی سےفروغ پا رہا ہے۔ آج بھی بہت سی خواتین جِلد کی حفاظت کے لیے اُبٹن کا استعمال کرتی ہیں، کیوں کہ اس میں شامل قدرتی اجزاء نقصان دہ نہیں ہوتے۔ تو آج ہم آپ کو ’’گیہوں اور بیسن‘‘ اور ’’بادام اور شہد‘‘ کا اُبٹن بناناسکھا رہےہیں۔

گیہوں اور بیسن کا ابٹن:

آدھا پاؤ گیہوں کا آٹا اورآدھا پاؤ بیسن لے کر اس میں ایک چھٹانک سنگترے کے چھلکے، ایک تولہ سفید صندل، ایک چائے کا چمچ ہلدی، ایک چُٹکی پِسی ہوئی پھٹکری شامل کرکے مکس کرلیں اور شیشی میں بھر کر فریج میں رکھ لیں۔ رات کو سونے سے پہلے دودھ میں ملا کر پیسٹ بنالیں اور مکمل طور پر خشک ہونے تک چہرے پر لگا رہنے دیں۔ پھر نیم گرم پانی سے ہلکے ہاتھوں سے مساج کرتے ہوئے چہرہ دھولیں۔ یاد رکھیے، چہرہ کُھرچنا نہیں ہے، ورنہ جِلد خراب ہوجائے گی۔ چند روز تک باقاعدگی سے استعمال کریں اور نتیجہ خُود دیکھ لیں۔

بادام اور شہد کا ابٹن:

تھوڑے سے ہاف کریم دودھ میں پانچ بادام رات بھر کے لیے بھگو کے رکھ دیں۔ صبح باداموں کا چھلکا اُتاکر باریک پیس لیں، پھر اِس سفوف میں ایک چائے کا چمچ شہد، آدھا چائے کا چمچ ہلدی، ایک چائے کا چمچ سوکھا دودھ اور ایک چٹکی پِسی ہوئی پِھٹکری شامل کر کے اور ایک شیشی میں بھر کر رکھ لیں۔ ہفتے میں صرف دو بار چہرے، ہاتھوں اور کہنیوں پر لگائیں اوررنگت میں واضح فرق دیکھیں۔

اُبٹن استعمال کرنے کا طریقہ:

کوئی بھی اُبٹن لگانے سے پہلے نیم گرم پانی سے چہرہ اچھی طرح دھولیں۔ پھر ایک چھوٹا تولیا نیم گرم پانی میں بھگوکر ایک سے دو منٹ کے لیے چہرے پر رکھیں(چہرے پر بالائی یا مکھن کی مالش بالکل مت کریں، ورنہ مہاسے نکل آئیں گے، جو پھر لاکھ کوششوں کے باوجود پیچھا نہیں چھوڑتے) اب آپ کا چہرہ ابٹن لگانے کے لیے تیار ہے۔ نیز،چہرے پر اُبٹن لگاکر دونوں آنکھوں پر کھیرے کے باریک سلائسز رکھ لیں اور آرام سے لیٹ جائیں۔ 

پھر تصوّر کریں کہ آپ کی آنکھیں روشن اور چہرہ چمک دار ہو رہا ہے۔ یاد رہے، خیالات کا اثر چہرے پر صاف نظر آتا ہے، تو آپ کی مثبت سوچ اُبٹن کا اثر دُگنا کر دے گی۔ اُبٹن خشک ہونے کے بعد چہرہ دھولیں۔ ہاں، ایک اور بات کا دھیان رکھیے گا کہ اُبٹن ہمیشہ رات میں لگائیں، کیوں کہ سورج کی روشنی، چولھے کی آنچ سے چہرہ خراب ہوتا ہے، تو اگر اُبٹن وغیرہ لگا نے کے بعد کہیں باہر نکلیں گی یا چولھے کے پاس جائیں گی، تو جِلد مزید خراب ہوجائے گی۔ (شبینہ گل انصاری، کراچی)