حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ(ن) ضلع حیدرآباد کے صدر محمد حنیف صدیقی، نائب صدر عبدالوحید انقلابی، اکبر علی شاہ، محمد ایوب راجپوت و دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ طاہر القادری کا مال روڈ لاہور میں دھرنا لاہور کے عوام نے مسترد کردیا۔ مذکورہ دھرنا سیاسی یتیم اور مایوس رہنماؤں کا اجتماع تھا دو سال بعد ماڈل ٹاؤن لاہور کے سانحہ پر واویلا مچایا اور خواتین بچوں سمیت ہزاروں لوگوں کو لاہور میں جمع کرکے روزے کی حالت میں پریشان کیا۔ انہوں نے کہا کہ طاہر القادری گزشتہ دھرنوں کے بعد پاکستان سے چلے گئے اور ماڈل ٹاؤن کے متاثرین کو بے یار و مددگار چھوڑ کر چلے گئے تھے‘ طاہر القادری کا دھرنا ایسے وقت میں دیا گیا جب دشمن ممالک سرحدوں اور اندرون ملک اپنی سرگرمیوں سے پاکستان کے لئے مشکلات پیدا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ناکام مایوس سیاستدانوں کو جمع کرکے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی راہ میں مشکلات پیدا کرنا چاہتے ہیں اور پاکستان میں دھرنے کی سیاست کے ذریعہ انارکی پیدا کرکے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی عوامی جمہوری حکومت کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا یہ خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔جنرل راحیل شریف وزیر اعظم نواز شریف کے ساتھ مل کر پاکستان کی بقاءکی جنگ لڑ رہے ہیں۔