لاہور(نمائندہ خصو صی)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں فساد کا مرکز اسلام آباد ہے ،جب تک اسلام آباد میں امریکی وفادار اور بھارتی یار بیٹھے ہیں امن اور خوشحالی نہیں آسکتی ۔ملک میں جمہوریت نہیں بادشاہت ہے جبکہ ایک اسلامی ریاست میں بادشاہت اور آمریت کی کوئی گنجائش نہیں ۔ حکمرانوں کا قبلہ مکہ نہیں واشنگٹن ہے ۔ حکمرانوں کو عوامی مسائل اور پریشانیوں سے کوئی غرض نہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتفاق ٹاؤن لاہور میں ہونے والی سات روزہ فہم قرآن کلاس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تقریب سے فہم قرآن کلاس کے مربی علامہ محمد جاوید قصوری اور امیر جماعت اسلامی لاہور ذکراللہ مجاہدنے بھی خطاب کیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ لاہور جیسے شہر میں دن دیہاڑے 14معصوم سیاسی کارکنوں کو شہید کردیا گیا مگر دوسال بعد بھی انہیں انصاف نہیں ملا ۔ ہم چیف جسٹس کے ہاتھ میں انگریز کے قانون کی بجائے اللہ کی کتاب قرآن دیکھنا چاہتے ہیں۔