• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایٹمی دھماکوں پر خود کو کریڈیٹ دیتا ہوں: شیخ رشید

۔۔۔فائل فوٹو
۔۔۔فائل فوٹو

سابق وزیرِ داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ایٹمی دھماکوں پر راجہ ظفر الحق، گوہر ایوب اور خود کو کریڈیٹ دیتا ہوں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں شیخ رشید نے کہا ہے کہ آج جو فصل ن لیگ بو رہی ہے کل اُسے کاٹے گی۔

ان کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعت کوئی شوگر فیکٹری نہیں ہوتی عوام کے دلوں میں ہوتی ہے، قصور کا بریانی جلسہ لال حویلی کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔

شیخ رشید نے کہا کہ یومِ تکبیر کے ایٹمی دھماکوں پر راجہ ظفرالحق، گوہر ایوب اور خود کو کریڈیٹ دیتا ہوں، باقی ساری کابینہ نواز شریف سمیت دھماکوں کی مخالف تھی۔

ان کا کہنا ہے کہ جن کا جینا مرنا پاکستان میں ہے اُن کے نام ای سی ایل میں ڈالے جا رہے ہیں، جن سزا یافتہ مجرموں کی جائیدادیں اور اولاد بیرونِ ملک ہیں ان کو سفارتی پاسپورٹ دیا گیا۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ جب اقتدار کے باہر ہوتے ہیں تو نجی جہازوں سے بھاگتے ہیں، ان کو ای سی ایل میں ڈالنا چاہیے، 13 جماعتوں کے لیڈر نیلامی میں اور عوام پریشانی میں ہیں۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ 9 مئی کی غیرجانبدار تحقیقات کرائی جائیں، جو ملوث ہے اُسے سخت سزا دی جائے، کس کے کہنے پر پولیس سوئی رہی؟ یہ اہم ترین سوالیہ نشان ہے، اس کی تحقیقات ہونی چاہیے۔

سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے یہ بھی کہا ہے کہ کوئی بھی محبِ وطن پاکستانی اپنی فوج کے خلاف نہیں ہو سکتا اور پی ڈی ایم کے چوروں کے ساتھ بھی کھڑا نہیں ہو سکتا۔

قومی خبریں سے مزید