اسلام آباد (نمائندہ جنگ ) وزیر خزانہ ا سحاق ڈارنے آئندہ ہفتے دورہ چین منسوخ کر دیا ہے ،وزارت خزانہ کے ترجمان کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے یہ فیصلہ وزیر اعظم کی ملک سے عدم موجودگی کے باعث کیا جو بیرون ملک اوپن ہارٹ سرجری کے بعد زیر علاج ہیں اور وزیراعظم کی عدم موجودگی میں وزیر خزانہ کا ملک میں موجود ہونا ضروری ہے۔ ترجمان کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے آئندہ ہفتے 25اور 26 جون کو بیجنگ کا دورہ کرنا تھا اور ایشیائی انفراسٹرکچر انوسٹمنٹ بنک کے پہلے سالانہ اجلاس میں شرکت کے علاوہ ایک سیمینارسے بھی خطاب کرنا تھا۔ وزیر خزانہ نے سالانہ اجلاس میں عد م شرکت پر اے آئی آئی بی کے صدر کو خط کے ذریعے معذرت کی ہے، وفاقی سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن طارق باجوہ سالانہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔