پاکستانی ڈرامہ و فلم کی اداکارہ ریشم نے 9 مئی کو ملک میں پیش آنے والے افسوس ناک واقعات کی مذمت کی ہے۔
اداکارہ نے 9 مئی کے واقعات میں متاثر ہونے والی فوجی تنصیبات و دیگر عمارتوں کا دورہ کیا۔
اس دوران ریشم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں 9 مئی کے واقعات کی شدید مذمت کرتی ہوں، اِن واقعات کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
انہوں نے پاک فوج کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کے سبب ہی آج ہمارا ملک ہے اور ہم ہیں، شہداء کی قربانیوں کے سبب ہی ہمیں یہ ملک ملا ہے، فوج کی ملک کے لیے دی گئی قربانیوں کو ہمیں ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے، اِن کی بدولت ہی ہم آج زندہ ہیں۔
ریشم کا مزید کہنا تھا کہ کور کمانڈر کے گھر کی مسجد کو دیکھ کر میرا دل دُکھ رہا ہے کہ ، جہاں اللّٰہ کا ذکر ہوتا ہے مظاہرین نے اُسے بھی نہ چھوڑا، 9 مئی کے واقعات کے ذمہ داروں کو سزا ملنی چاہیے، اُن کا ذہن بدلنا چاہیے، ایسے واقعات قابلِ قبول نہیں ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 9 مئی کو عمران خان کی گرفتاری کے بعد سیکڑوں مظاہرین کی جانب سے فوجی تنصیبات، شہداء کی یادگاروں اور نجی املاک کو نقصان پہنچایا گیا تھا جس کی پاکستانی عوام کی جانب سے شدید مذمت سامنے آئی ہے۔
ایک سروے کے مطابق 9مئی کے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف سخت ترین کارروائی کا مطالبہ بھی کیا جا رہا ہے۔