لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب حکومت سے پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات کل تک طلب کر لیں۔
جسٹس علی باقر نجفی نے شاہ محمود قریشی کی بیٹی مہر بانو کی درخواست پر سماعت کی۔
شاہ محمود قریشی کی بیٹی مہر بانو نے لاہور ہائی کورٹ سے استدعا کی ہے کہ عدالت 9 مئی کے بعد خفیہ مقدمے میں ان کے والد کی گرفتاری روکنے کا حکم دے۔
عدالت میں دائر درخواست میں شاہ محمود قریشی پر قائم مقدمات کی لسٹ دینے کی درخواست بھی کی گئی ہے۔
دائر کی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ شاہ محمود قریشی سابق وزیرِ خارجہ اور سیاسی جماعت کے رہنما ہیں، خدشہ ہے کہ 9 مئی کے بعد درج کسی خفیہ مقدمے میں پولیس انہیں گرفتار کر لے گی۔
عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ 9 مئی کے واقعات کے بعد درج خفیہ مقدمات کی معلومات فراہم کی جائیں۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت شاہ محمود قریشی کو 9 مئی کے بعد خفیہ مقدمے میں گرفتار کرنے سے روکنے کا حکم دے۔
عدالتِ عالیہ نے پنجاب حکومت سے شاہ محمود قریشی کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات کل تک طلب کر لیں۔