سپریم کورٹ آف پاکستان (ایس سی پی) نے ملک بھر میں ایک ہی دن انتخابات کرانے کے کیس میں 5 مئی کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔
سپریم کورٹ کے حکم نامے کے مطابق مسائل مذاکرات سے حل کرنے کیلئے سیاسی جماعتوں کی کوشش قابل ستائش ہے، سیاسی معاملات مذاکرات اور اتفاق رائے سے ہی بہتر انداز میں حل ہوسکتے ہیں۔
حکم نامے کے مطابق توقع ہے سیاسی جماعتیں ملک بھر میں ایک ساتھ انتخابات پر متفق ہوجائیں گی۔
سپریم کورٹ کے حکم نامے کے مطابق پی ٹی آئی اور حکومتی کمیٹیوں نے مذاکراتی عمل پر اپنی اپنی رپورٹس جمع کرائیں۔
حکم نامے میں کہا گیا کہ سعد رفیق نے بتایا کہ ایک ساتھ انتخابات کرانے پر اتفاق رائے ہوگیا ہے، مذاکرات جاری رہے تو تاریخ پر بھی اتفاق ہوجائے گا۔
سپریم کورٹ کے حکم نامے کے مطابق شاہ محمود قریشی نے جواب میں مذاکرات میں پیشرفت پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
تحریری حکم نامے میں کہا گیا کہ کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کےلیے ملتوی کی جاتی ہے۔