قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان ہارورڈ یونیورسٹی کے ایجوکیشن پروگرام میں اپنے تجربے سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
دونوں کھلاڑی ہارورڈ، بزنس اسکول میں مختصر قیام کے دوران اپنے ہم جماعتوں اور اساتذہ کے ساتھ گزری خوبصورت یادوں کو مداحوں کے ساتھ سوشل میڈیا پر بھی شیئر کر رہے ہیں۔
بابر اعظم نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے اس ایجوکیشن پروگرام سے جُڑی ایک اور یادگار تصویر شیئر کی ہے۔
اس تصویر میں بابر اعظم اور محمد رضوان کے ہمراہ لائنل ایم ایم اے ہیوی ویٹ چیمپئن فرانسس نگانو، نائجیرین امریکی مکسڈ مارشل آرٹسٹ کمارو عثمان اور امریکی فٹ بال کوارٹر بیک جیمز ونسٹن کو بھی دیکھا جاسکتا ہے۔
اُنہوں نے یہ تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’جب چیمپئن فرانسس نگانو، کمارو عثمان اور جیمز ونسٹن جیسے لوگ کرکٹ کھیلنے کی یقین دہانی کروا رہے ہیں تو شاید اب وقت آگیا ہے کہ میں اور رضوان کسی دوسرے کھیل کا حصّہ بن جائیں‘۔
یاد رہے کہ ایک روز قبل محمد رضوان کی اپنی ایک ٹیچر کے ساتھ تصویر انٹرنیٹ پر وائرل ہوئی تھی، جس میں وکٹ کیپر بلے باز اپنی ٹیچر کو قرآن پاک کا ایک نسخہ تحفے میں دے رہے تھے۔