فیصل آباد کے نجی اسپتال میں ناموں میں مماثلت پر دو خواتین کے مبینہ طور پر غلط آپریشن کر دیے گئے۔
لواحقین نے الزام لگایا کہ جس مریضہ کے پتے کا آپریشن تھا اس کی ٹانگ کا آپریشن کردیا، جس کی ٹانگ کا آپریشن ہونا تھا اس کے پتے کا آپریشن کر ڈالا۔
اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر کی خدمات معطل کرکے انکوائری کی جارہی ہے، محکمہ صحت نے تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی۔
فیصل آباد کے مقامی نجی اسپتال میں ایک ہی نام کی دو خواتین کے پتے اور ٹانگ کے آپریشن تھے۔
لواحقین کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر کی مبینہ غفلت اور ناموں کی مماثلت کی بناء پر ٹانگ کے آپریشن کیلئے لائی گئی مریضہ کے پتے کا آپریشن کردیا گیا جبکہ جس مریضہ کا پتے کا آپریٹ تھا ڈاکٹر نے اس کی ٹانگ کا آپریشن کر ڈالا۔
لواحقین کا کہنا ہے کہ پتے کے مرض کی شکار خاتون نے ٹانگ پر نشان لگانے پر ڈاکٹر کو بتایا بھی تھا کہ اس کے پتے کا آپریشن ہے مگر کسی نے نہ سنی اور اس کی ٹانگ کا آپریشن کر ڈالا۔