پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی آج کل ڈرامہ سیریل ’جھوم‘ دیکھ رہی ہیں جس کے ایک سین نے اُنہیں متاثر کر دیا ہے۔
شرمیلا فاروقی ناصرف فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی نظر آ تی ہیں بلکہ ڈراموں میں زیرِ بحث آنے والے منفرد موضوعات پر بھی گہری نظر رکھتی ہیں۔
شرمیلا فاروقی ایک سیاستدان ہونے کے ساتھ عام عوام کی طرح پاکستانی ڈرامہ سیریلز بھی بڑے شوق سے دیکھتی ہیں۔
شرمیلا فاروقی نے کچھ گھنٹے پہلے ہی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹاگرام پر جیو انٹرٹینمنٹ کے ڈرامہ سیریل ’جھوم‘ کا ایک کلپ شیئر کیا ہے۔
اس کلپ میں ڈرامے کے مرکزی کردار آریان (ہارون کادوانی) کو ذہنی بیماری ڈپریشن سے متعلق بات کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
شرمیلا فاروقی نے اس سین کی تعریف کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ذہنی دباؤ، ذہنی الجھنوں اور شکایتوں پر عام موضوع کی طرح ڈرامے میں بحث کرنا ایک اچھی روایت ہے۔
انہوں نے مزید لکھا ہے کہ دماغی صحت کے بارے میں کھل کر بات کرنا غلط فہمی اور بدنما تصورات کو کم کر سکتا ہے، ذہنی بیماریوں میں مبتلا افراد کو اس سے نمٹنے، مدد طلب کرنے اور سپورٹ نیٹ ورک تلاش کرنے میں مدد دے سکتا ہے، صحیح علاج سے زیادہ تر لوگ ڈپریشن اور اضطراب سے ٹھیک ہو جاتے ہیں اور ایک نارمل، نتیجہ خیز زندگی گزارتے ہیں۔
شرمیلا فاروقی کا مزید کہنا تھا کہ 5 میں سے ہر 1 شخص کو دماغی مسائل کا سامنا ہوتا ہے، دنیا بھر میں ذہنی صحت کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے فوری اقدام کی ضرورت ہے، اس کا حصہ بنیں۔
اُن کا اپنی پوسٹ پر مزید لکھنا تھا کہ ایسے موضوع کو سامنے لانے کے لیے ڈرامہ سیریل ’جھوم‘ بنانے والوں کا شکریہ۔