سعودی عرب کی وزارتِ خارجہ نے وزارتِ سرمایہ کاری کے تعاون سے نیا ویزا متعارف کرا دیا ہے۔
یہ ویزا ’مستشمر زائر‘ (انویسٹر وزیٹر) بزنس ویزا ہوگا جسے آن لائن جاری کرایا جا سکے گا۔
سعودی وزارتِ خارجہ نے بتایا ہے کہ بزنس ویزے کے اجرا کا مقصد سرمایہ کاروں کو سعودی عرب میں سرمایہ کاری کے امکانات سے واقفیت کا موقع فراہم کرنا ہے۔
سعودی وزارتِ خارجہ کے مطابق انویسٹر وزیٹر ویزا سعودی دفترِ خارجہ کے نیشنل ویزا پورٹل کے ذریعے جاری کرایا جا سکے گا، جو سرمایہ کار بزنس ویزا حاصل کرنا چاہتے ہوں انہیں دفترِ خارجہ کے مشترکہ نیشنل ویزا پورٹل پر آن لائن درخواست دینا ہوگی۔
اگلے مرحلے میں درخواست پر کارروائی ہوگی اور فوری طور پر ویزا جاری کر دیا جائے گا۔
انویسٹر کو بزنس ویزا ای میل پر موصول ہوگا۔ پہلے مرحلے میں اس کا دائرہ محدود ہوگا اور مخصوص ملکوں کے انویسٹرز ہی یہ سہولت حاصل کر سکیں گے۔
دوسرے مرحلے میں بزنس ویزا دیگر ملکوں کے انویسٹرز کے لیے بھی جاری کیا جائے گا جس کا مقصد ’سعودی وژن 2030‘ کے اہداف کی تکمیل میں آسانی پیدا کرنا ہے۔