امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ شہر کراچی اب آگے بڑھے گا، حافظ نعیم الرحمان اس شہر کے میئر بنیں گے۔
تحفظ کراچی مارچ کے شرکاء سے خطاب میں سراج الحق نے کہا کہ اب قوم بیدار ہوگئی ہے، یہ دھاندلی کے ذریعے لوگوں کی آواز کو نہیں دبا سکتے۔
انہوں نے کہا کہ ہم عوام کی خدمت کرنا چاہتے ہیں۔ عوامی وسائل عوام پر خرچ کرنا چاہتے ہیں جبکہ یہ دھاندلی کے ذریعے لوگوں کی آواز کو دبا نہیں سکتے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان نے مزید کہا کہ ہمارا ذاتی ایجنڈا نہیں، جب بھی ہمیں عوام نے چنا ہم نے عوام کی خدمت کی۔ امن و امان، انصاف، روزگار سب کو ملے۔ ہم اسلامی اور خوشحال پاکستان بنانا چاہتے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ 15 جون کو مقابلہ پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی کا نہیں بلکہ پی پی اور عوام کا ہے۔ حکام سے کہتا ہوں کہ میئر کراچی کے الیکشن کو شفاف بنائیں۔
سراج الحق نے کہا کہ آصف زرداری عوام اور جمہور کے فیصلے کو تسلیم کریں، وہ مان لیں کہ عوام نے اُن کی جماعت کو مسترد کیا۔ پی پی کے شریک چیئرمین جماعت اسلامی کا مینڈیٹ مان لیں۔
انہوں نے کہا کہ طویل عرصے سے کراچی کو تباہ کیا گیا۔ یہاں لوٹ کھسوٹ کا بازار لگایا گیا، ہم شہر کے وسائل یہاں کے عوام پر خرچ کریں گے۔ جماعت اسلامی کا میئر آئے گا تو بلاتفریق رنگ و نسل سب کو ساتھ لے کر چلے گا۔
امیر جماعت اسلامی نے یہ بھی کہا کہ 15 جون کا سورج ترقی و خوشحالی کی نوید لے کر نکلے گا۔ ہم کراچی کو بھی استنبول کی طرح عالم اسلام کا ترقیاتی شہر بنائیں گے۔