اٹلی کے سابق وزیر اعظم سلویو برلوسکونی پیر کو 86 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔
سلویو برلوسکونی ایک ارب پتی تاجر تھے جنہوں نے اپنے ملک کے سیاسی منظر نامے کو تبدیل کرنے سے پہلے وہاں کی سب سے بڑی میڈیا کمپنی بنائی۔
اٹلی کے نائب وزیر اعظم میٹیو سالوینی نے اپنے ایک بیان میں سابق وزیر اعظم کو ’ایک عظیم انسان اور ایک عظیم اطالوی‘ قرار دیا۔
اطالوی وزیر دفاع گیڈو کروسیٹو نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر سابق وزیرِاعظم کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ سلویو برلوسکونی کی موت ایک پورے دور کے خاتمے کے مترادف ہے۔
سلویو برلوسکونی جوکہ جولائی 1994ء سے 1995ء،2001ء سے 2006ء اور 2008ء سے 2011ء کے دوران اٹلی کے وزیر اعظم رہے، موت سے قبل لیوکیمیا میں مبتلا تھے اور حال ہی میں انہیں پھیپھڑوں میں انفیکشن ہوا تھا۔
ان کی فورزا اٹالیا پارٹی اٹلی کے موجودہ وزیر اعظم جارجیا میلونی کے دائیں بازو کے اتحاد کا حصّہ ہے، اگرچہ ان کا خود حکومت میں کوئی کردار نہیں تھا لیکن پھر بھی ان کی موت سے آنے والے مہینوں میں اطالوی سیاست میں عدم استحکام کا خدشہ ہے۔