• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گھر کی تعمیر اور تزئین و آرائش کے دوران ہر کونے کو خوبصورت بنانے کی کوشش کی جاتی ہے۔ آجکل جدید انداز کے گھروں میں نہ صرف دیواروں، چھت، دروازوں اور کھڑکیوں پر توجہ دی جاتی ہے بلکہ اس پر بھی بھرپور توجہ دی جاتی ہے کہ فکسچر اینڈ فٹنگز بھی منفرد طرز کی حامل ہو۔ گھر کو دیدہ زیب بنانے کے لوازمات میں ہم بات کرتے ہیں کمروں کی چھتوں کو خوبصورتی سے ڈیزائن کرنے کی۔ کسی بھی کمرے بنائی گئی وضع دار چھت اس کے ماحول کو ایک منفرد اندازعطا کرتی ہے۔ عموماً کسی بھی گھر کے فن تعمیر کی انفرادیت اورجدت کا اندازہ کمروں کی چھتوں اوردیواروں کے جدید اسٹائل کو دیکھ کر لگایا جاتا ہے۔

ایک دور تھا جب گھر کے کمروں کی چھتوں کی تعمیر اور تزئین و آرائش کے لیے بنائے جانے والے نقش و نگار میں پتھر اور جپسم (پلاسٹر آف پیرس) کا استعمال کافی سمجھا جاتا تھا۔ گھروں میں جپسم کی بنی پلیٹوں کا استعمال فرانسیسی کیمسٹ لویزر کی تحقیق کے بعد شروع کیا گیا۔ لویزر نے پہلی بار گھروں کی اندرونی چھتوں کو گرمی اور سردی کے اثرات سے بچانے کے لیے جپسم سے بنی پلیٹوں کا استعمال کیا۔ 

آج کل ہمارے یہاں پلاسٹر آف پیرس کی بنی فالز سیلنگ اورلکڑی سے تیار کردہ چھتوں کا رجحان عام دیکھنے میں آتا ہے۔ ماہرین کے مطابق فالز سیلنگ لگوانے سے نہ صرف چھتیں خوبصورت اور دیدہ زیب نظر آتی ہیں بلکہ اس سے نقصان پہنچانے والے موسمی اثرات (گرمی و سردی) میں بھی خاطر خواہ کمی لائی جاسکتی ہے۔ یہی نہیں، کمرے کی چھتوں پر روشنی کے ذریعے بھی ایک منفرد احساس اور تاثر قائم کیا جاسکتا ہے۔ آج بات کرتے ہیں چھتوں کے ان ڈیزائن کی جن کے ذریعے گھر کے کمروں کو منفرد انداز سے سجایا اور موسمی اثرات سے بھی محفوظ رکھا جاسکتا ہے۔

رنگ برنگی چھت

گھر میں یکساں رنگ و روغن والی چھت سے انفرادیت قائم نہیں ہوتی۔ تاہم، یکساں رنگ والی چھت کے علاوہ رنگ برنگی چھت بھی ٹرینڈ کا حصہ ہے۔ اس قسم کی چھت کے ڈیزائن میں کئی طرح کے امکانات موجود ہوتے ہیں جیسے کہ مختلف رنگوں، مواد اور روشنیوں سے اسےمعطر کیا جاسکتا ہے۔ چھت کے ساتھ ساتھ کمرے کو بھی مختلف رنگوں میں ڈبو کر ایک دلکش تاثر پیش کیا جا سکتا ہے۔

لکڑی کی چھت

گھر کی تعمیر اور تزئین و آرائش میں لکڑی کا استعمال فطرت سے قربت کا احساس تو دلاتا ہی ہے، ساتھ ہی یہ کاربن کے اخراج کو کم کرنے کا ذریعہ بھی بنتا ہے۔ لکڑی کی چھتیں بھی ایک دلچسپ طرز سجاوٹ ہیں، جو گھر کی اندرونی آرائش وزیبائش میں عام استعمال کی جاتی ہیں۔ لکڑی کی چھتوں سے ناصرف گھرکو خوبصورتی عطا ہوتی ہے بلکہ دیہی انداز بھی ملتاہے۔ لکڑی سے مختلف انداز میں کمروں کی چھتیں تیار کی جاتی ہیں، جن پر روشنیوں کا استعمال دلکش تاثر دیتا ہے۔

پتھری چھت

تعمیرات میں دیدہ زیب رنگوں کے پتھروں کا استعمال خوبصورتی بڑھانے کے لیے کیا جاتا ہے۔ ایسے ہی چھت کی سجاوٹ میں پتھروں کا استعمال بھی ایک منفرد تجربہ ہے۔ عام طور پر ڈرائنگ روم یا لاؤنج کی چھتوں کے لیے پتھر کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ فن تعمیر کے ذریعے ماربل یا پتھروں پر نقش ونگار بنائے جاتے ہیں، ایسی چھتیں مکینوں کے فنی ذوق کا عکاس ہوتی ہیں۔

پھول دار چھت

چھتوں کو منفرد انداز دینے کے لیے کٹ ورک کا خوبصورت کام کیا جاتا ہے، جس میں چھت کی بنیاد پر فلورل ڈیزائننگ چسپاں کی جاتی ہے یا پھر چھتوں کو خوبصورت انداز میں کاٹ کر دہرے رنگوں سے تیار کیا جاتا ہے۔ جامنی رنگ کے ساتھ خاکستری اور سفید رنگ کا استعمال کسی بھی بیڈروم کے لیے بہت منفرد خیال ہوگا۔

چھت پر وال پیپر

وال پیپر کا استعمال عموماً دیواروں کے لیےکیا جاتا ہے، تاہم دورِ جدید میں چھتوں کے لیے بھی وال پیپر کا استعمال کیا جانے لگا ہے۔ مختلف وال پیپرز کے ذریعے گھر کے ہر حصے کو منفرد انداز دیا جاسکتا ہے۔ بچوں کے کمروں میں ان کی پسند کا خیال رکھتے ہوئے چھت پر وال پیپرز لگائیں۔ چھتوں کے لیے وال پیپرز کے استعمال کو شاندار طرز سجاوٹ میں شمار کیا جاتا ہے۔

کچن کی وضع دار چھت

گھر کے دیگر حصوں کی طرح کچن میں بھی جدید انداز کی چھت بنائی جاسکتی ہے مگراس کا انحصار جگہ پر منحصر ہے۔ چھت کے درمیانی حصے میں فالز سیلنگ یا لکڑی کا استعمال کرکے اس پر خوبصورت لائٹس لٹکائی جاسکتی ہیں، اور اگر ساتھ میں ڈائننگ کا انتظام کردیا جائے تو ایک پُرتکلف ماحول تخلیق ہوجائے گا۔

روشنیوں کی تنصیب

عام طور پر مکانات کی چھتیں اونچی جبکہ اپارٹمنٹس کی چھتیں کم اونچائی والی ہوتی ہیں۔ اگر آپ کے گھر کی چھت نیچی ہے توپھر کمروں کی چھتوں کے لیے بہت زیادہ روشنیوں کے بجائےسا دہ روشنی کا انتخاب کریں۔ اس کے برعکس اونچی چھت کو تھوڑا ڈرامائی انداز سے سجایا جاسکتا ہے، اس میں فانوس لگانا ایک شاندار آئیڈیا ہے۔ چھتوں کے لیے ایل ای ڈی لائٹس بہترین انتخاب ہیں، جو بہترین ماحول فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ عام بلب کے مقابلے میں تقریباً 80فیصد کم بجلی استعمال کرتی ہیں۔

چھت کے وسط میں سجاوٹ

زیادہ تر لوگ رنگا رنگ یا چھتوں کے متعدد ڈیزائن بنوانے سے گریز کرتے ہیں۔ اگر آپ ڈرائنگ روم کی چھت کے لئے منفرد طرز سجاوٹ میں دلچسپی رکھتے ہیں تو اس کے درمیان (فوکل پوائنٹ) میں ایک شاندار فانوس کا اضافہ کیجئے۔ دیگر کمروں کی چھتوں کی آرائش و زیبائش کے بھی سجاوٹی اشیا چھت کے درمیان میں لگائی جا سکتی ہیں۔

شیشوں کا استعمال

ویسے تو گھر میں شیشوں کا استعمال دروازوں اور کھڑکیوں کے لیے کیا جاتا ہے لیکن ہال نما کمروں کی چھتوں کے لیے شیشوں کا استعما ل بھی بہترین رہتا ہے۔ اس میں شیشوں کو کمرے کی چھت پر پائیداری اور مضبوطی کے ساتھ منفرد انداز میں نصب کیا جاتا ہے۔ یہ اسٹائل کمرے کو کشادگی عطا کرنے کے ساتھ شاہانہ طرز دیتا ہے۔