• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: کار سوار افراد جناح اسپتال میں مبینہ طور پر لڑکی کی لاش چھوڑ کر فرار


کراچی کے جناح اسپتال میں کار سوار افراد مبینہ طور پر لڑکی کی لاش چھوڑ کر فرار ہو گئے۔

اس حوالے سے پولیس نے کہا ہے کہ کار سوار افراد لڑکی کی لاش چھوڑ کے اسپتال میں ابتدائی تفصیلات دینے کے بعد فرار ہوئے۔ 

پولیس حکام نے کہا ہے کہ اسپتال حکام کے بیان کے مطابق گاڑی میں ایک لڑکا اور ایک لڑکی سوار تھے، لاش کی شناخت کر لی گئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ لڑکی کو ڈیفنس سے لایا گیا تھا، واقعے کی مزید تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں، جس گاڑی میں لڑکی کو اسپتال منتقل کیا گیا اس کی تفصیلات لی جا رہی ہیں۔

اس حوالے سے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ساؤتھ اسد رضا کا کہنا ہے کہ لڑکی کو صبح ساڑھے 7 بجے مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا، مرنے والی لڑکی کا پوسٹ مارٹم کرایا جا رہا ہے۔

اسد رضا نے کہا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق نشے کی زیادتی موت کی وجہ بنی، اسپتال انتظامیہ سے تفصیلات حاصل کر لی گئی ہیں۔

اسپتال حکام نے کہا ہے کہ لڑکی کی شناخت کر لی گئی، اس کی عمر 18 سال ہے، لڑکی کو مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا تھا، ابتدائی معلومات کے مطابق لڑکی کا تعلق لاہور سے ہے۔

قومی خبریں سے مزید