• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مرکز میں بھگدڑ، 20 خواتین زخمی


کراچی میں کے پی ٹی گراؤنڈ کے قریب بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مرکز میں بھگدڑ مچ گئی۔

بھگدڑ کے نتیجے میں وہاں موجود 20 خواتین زخمی ہو گئیں۔

زخمی خواتین کو ریسکیو کرنے کے لیے متعدد ایمبولینسیں روانہ کی گئیں جن کے ذریعے زخمی خواتین کو اسپتال منتقل کیا گیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق ایک زخمی خاتون کی حالت تشویش ناک ہے۔

علاقہ پولیس کے مطابق کے پی ٹی اسکول میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا کیمپ لگا تھا، جس کے باہر خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

پولیس نے بتایا ہے کہ اسکول کا گیٹ کھلا تو اندر جانے کے لیے بھگدڑ مچ گئی۔

ایک متاثرہ خاتون نے بتایا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ہمیں پیسے دینے بلایا گیا تھا۔

ایس پی بلدیہ ٹاؤن مغیز ہاشمی کے مطابق بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں بھگدڑ مچنے سے زخمی ہونے والی 20 خواتین کراچی کے سول اسپتال پہنچی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ 16 خواتین زخمی اور بیہوش ہوئی تھیں، دیگر 4 خواتین زخمی خواتین کے ہمراہ طبی امداد کے لیے اسپتال گئی تھیں۔

ایس پی بلدیہ ٹاؤن نے بتایا کہ اسکول میں جگہ کم ہونے کے باعث وقفے وقفے سے لوگوں کو بھیجا جا رہا تھا، گیٹ کھلا تو بھگڈر مچ گئی، گیٹ پر لوگوں کی تعداد بہت زیادہ تھی۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ گیٹ کھلنے پر موجود اسکول کی ڈھلان کے باعث خواتین گر گئیں، جبکہ متعدد خواتین گرمی کی وجہ سے بے ہوش ہوئیں۔

واضح رہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے تحت وظائف کی ادائیگی، جو شدید گرمی کے باعث گزشتہ 2 روز سے معطل تھی، وہ آج 26 جون بروز پیر کی صبح سے دوبارہ شروع ہو گئی ہے۔

ترجمان بی آئی ایس پی کے مطابق ان وظائف کی ادائیگیاں آج 26 جون سے 28 جون بروز بدھ تک جاری رہیں گی۔

یہ ادائیگیاں عید الاضحیٰ کی چھٹیوں کے دوران بند رہیں گی اور 3 جولائی سے دوبارہ شروع ہوں گی۔

قومی خبریں سے مزید