رہنما استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) عون چوہدری بھی پارٹی کے پیٹرن ان چیف جہانگیر ترین سے ملاقات کے بعد دبئی روانہ ہوگئے۔ جہاں وہ آصف علی زرداری اور نواز شریف کو جہانگیر ترین کا اہم پیغام پہنچائیں گے۔
لندن سے دبئی کےلیے روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عون چوہدری کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین کے خلاف گھناؤنی سازش کے مرکزی کردار چیئرمین پی ٹی آئی اور ثاقب نثار تھے۔
انہوں نے کہا کہ اہم شخصیت نے جہانگیر ترین کے خلاف سازش میں چیئرمین پی ٹی آئی اور ثاقب نثار کے ملوث ہونے کی تصدیق کی۔
عون چوہدری کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے غیرقانونی اور غیر اخلاقی بنیادوں پر جہانگیر ترین کو قربانی کا بکرا بنا کر اپنے اقتدار کی راہ ہموار کی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ثاقب نثار اور چیئرمین پی ٹی آئی نے جہانگیر ترین کے ساتھ ایسا ظلم کیا جیسا نواز شریف کے ساتھ ہوا تھا۔
رہنما آئی پی پی کا کہنا تھا کہ اللّٰہ کا شکر ہے کہ اب جہانگیر ترین انتخابی سیاست کےلیے اہل ہوگئے ہیں۔
عون چوہدری کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو چیلنج کرتا ہوں حلفاً بتائیں انہوں نے کیا ثاقب نثار کے ساتھ مل کر سازش نہیں کی؟
انہوں نے کہا کہ کیا وہ بتا سکتے ہیں کہ جہانگیر ترین کی ریویو پٹیشن مسترد کروانے میں ان کا کیا کردار تھا؟
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ شواہد موجود ہیں کہ جہانگیر ترین کی ریویو پٹیشن سپریم کورٹ سے مسترد کروانے میں بھی چیئرمین پی ٹی آئی کا ہاتھ تھا۔
عون چوہدری نے کہا کہ عملیات اور خوابوں کے نتیجہ میں مجھے وزیراعظم کی تقریب حلف برداری میں شرکت سے روکا گیا۔ عملیات کی بنیاد پر جہانگیر ترین کو انتخابی سیاست سے فارغ کروایا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ نتیجہ آج چیئرمین پی ٹی آئی کے سامنے ہے، ان کے مشیر اور قریب رہنے والوں نے ٹکٹوں کےلیے پیسے پکڑے۔
انہوں نے بتایا کہ جہانگیر ترین تین دن بعد واپس لاہور پہنچ جائیں گے جبکہ دبئی میں اہم ملاقاتوں میں شرکت کے بعد میں بھی لاہور جاؤں گا۔