وزیرِ اعظم شہباز شریف کی کوششوں سے پاکستان اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان اسٹاف لیول کا معاہدہ ممکن ہوا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کی پیرس میں آئی ایم ایف قیادت سے 2 دنوں میں 3 ملاقاتیں اور رابطے ہوئے، وزیرِ اعظم کی پیرس میں ایم ڈی آئی ایم ایف سے بھی ملاقاتیں ہوئیں۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پیرس میں اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر محمد سلیمان الجاسر سے بھی ملاقات کی۔
اس ملاقات کے بعد صدر اسلامی ترقیاتی بینک (آئی ڈی بی) نے پاکستان کو 1 ارب ڈالرز فنانسنگ کی یقین دہانی کرائی تھی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ہی آئی ایم ایف کے تجویز کردہ اقدامات فوری طور پر بجٹ کا حصہ بنانے کے احکامات جاری کیے تھے۔
واضح رہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان سے اسٹاف لیول معاہدہ کر لیا ہے۔
پاکستان اور آئی ایم ایف کا 3 ارب ڈالرز اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کا معاہدہ ہوا ہے۔
عالمی مالیاتی فنڈ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ساتھ 9 ماہ کا اسٹینڈ بائی معاہدہ طے پایا ہے۔
اس سے متعلق فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے صدر ملک محمد بوستان نے کہا ہے کہ مارکیٹیں کھلیں گی تو ڈالر کا ریٹ فوری 5 سے 10 روپے کم ہو گا۔
ملک بوستان نے اپنے تازہ بیان میں کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ عید پر بہت بڑی خوش خبری ہے۔
فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے صدر کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان کو اپنے معاہدوں کو پورا کرنا ہوگا۔
ملک بوستان نے یہ بھی کہا ہے کہ فنڈز ملنے سے بند دروازے کھل گئے ہیں، فارن ایکسچینج بڑھے گا۔